میرپور: آزاد جموں و کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) نے نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے 13 میں سے 11 حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی 4 نشستیںجیتنے میں کامیاب رہی۔ دو حلقوں (ایل اے 5 برنالہ اور ایل اے 6 سماہنی) کے حتمی نتائج تاحال جاری نہیں ہوئے، تاہم دونوں میں مسلم لیگ (ن) کو برتری حاصل ہے۔
انتخابات کے دوران کئی اہم سیاسی شخصیات کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سابق وزیراعظم چودھری انوارالحق، پیپلزپارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی، ولید انقلابی اور چودھری محمد یاسین اپنی آبائی نشست چڑہوئی سے شامل ہیں، اگرچہ چودھری یاسین کوٹلی سٹی کی نشست سے کامیاب رہے۔
نمایاں نتائج
- ایل اے 1 ڈڈیال: ن لیگ کے چودھری اظہر صادق کامیاب۔
- ایل اے 2 چکسواری/اسلام گڑھ: پیپلزپارٹی کے قاسم مجید کامیاب۔
- ایل اے 3 میرپور سٹی: پیپلزپارٹی کے یاسر سلطان نے کامیابی حاصل کی۔
- ایل اے 4 کھڑی شریف: ن لیگ کے چودھری رخسار احمد کامیاب۔
- ایل اے 7 بھمبر: سابق وزیراعظم چودھری انوارالحق کو شکست، ن لیگ کے چودھری طارق فاروق کامیاب۔
- ایل اے 8 راج محل: پیپلزپارٹی کے ظفر اقبال ملک کامیاب۔
- ایل اے 9 نکیال: ن لیگ کے عمیر نعیم نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے جاوید اقبال بڈھانوی کو شکست دی۔
- ایل اے 10 کوٹلی سٹی: پیپلزپارٹی کے چودھری محمد یاسین کامیاب۔
- ایل اے 11 سہنسہ: ن لیگ کے راجہ محمد آصف کامیاب۔
- ایل اے 12 چڑہوئی: ن لیگ کے راجہ ریاست خان نے چودھری محمد یاسین کو شکست دی۔
- ایل اے 13 کھوئی رٹہ: ن لیگ کے راجہ ایاز احمد خان کامیاب۔
دوسری جانب ایل اے 5 برنالہ میں مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) وقار احمد نور کو معمولی برتری حاصل ہے، جبکہ ایل اے 6 سماہنیمیں ووٹ جلائے جانے کے واقعے کے باعث حتمی نتیجہ روک دیا گیا، تاہم ن لیگ کے امیدوار چودھری محمد رزاق واضح سبقت پر ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ انتخابات مجموعی طور پر آزادانہ، شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد ہوئے، عوام نے بھرپور طریقے سے حقِ رائے دہی استعمال کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان برقرار رکھنے میں مؤثر کردار ادا کیا۔ سماہنی میں پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی گئی۔