لاہور: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو لاہور ہیریٹیج ایریا ریوائیول بورڈ کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب نے بطور رکنِ قومی اسمبلی ان کی تقرری کی منظوری دی، جبکہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے اس حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
ہیریٹیج سے مراد کسی قوم یا علاقے کا تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ورثہ ہے، جو نسل در نسل منتقل ہوتا ہے۔ اس میں تاریخی عمارتیں، قدیم بازار، مذہبی و ثقافتی مقامات، آثارِ قدیمہ، روایات، فنِ تعمیر اور دیگر تاریخی یادگاریں شامل ہوتی ہیں۔
لاہور ہیریٹیج ایریا ریوائیول بورڈ کا مقصد لاہور کے تاریخی ورثے کا تحفظ، بحالی، خوبصورتی اور آئندہ نسلوں کے لیے اس کی پائیدار دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے تاکہ شہر کی تاریخی شناخت محفوظ رہ سکے۔