میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےاورنگی ٹاؤن میں سندھ ایمرجنسی سروسز 1122 کے نئے آپریشنل بیس کا افتتاح
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز کے نئے آپریشنل بیس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نئی سہولت کے قیام سے اورنگی ٹاؤن اور گردونواح میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کی فراہمی مزید تیز اور مؤثر ہوگی، جس کے نتیجے میں ایمبولینسیں مصروف اور گنجان آباد علاقوں میں بھی مریضوں تک کم وقت میں پہنچ سکیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشنل بیس کو کٹی پہاڑی سے منتقل کرکے بنارس کے قریب واقع ایک سرکاری عمارت میں قائم کیا گیا ہے تاکہ رسائی اور ایمرجنسی رسپانس کے وقت میں بہتری لائی جا سکے۔ میئر نے کہا کہ کئی برسوں سے غیر استعمال شدہ سرکاری عمارت کو عوامی خدمت کے مرکز میں تبدیل کرنا سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں بروقت طبی امداد کی فراہمی نہایت اہم ہے اور یہ منصوبہ صحت کی سہولیات کو عوام کے قریب لانے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
سندھ حکومت، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور SIEHS-1122 کے اشتراک سے قائم کی گئی اس جدید سہولت میں بین الاقوامی معیار ISO 9001:2015 کے مطابق چوبیس گھنٹے مفت پری ہسپتال ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ افتتاحی تقریب میں SIEHS-1122 کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بریگیڈیئر (ر) طارق قادر لکھیار، منتخب نمائندوں، سماجی شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ بریگیڈیئر (ر) طارق قادر لکھیار نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایمبولینس اسٹیشن کی منتقلی نہیں بلکہ عوام کو معیاری اور بروقت ایمرجنسی طبی سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے کراچی ویسٹ اور خصوصاً اورنگی ٹاؤن میں ایمرجنسی رسپانس مزید مؤثر ہوگا۔