اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں کا ٹی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، معیاری طبی سہولیات اور صفائی یقینی بنانے کی ہدایت
چشتیاں (عامر سہیل سے): اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں چودھری غلام مصطفیٰ جٹ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال چشتیاں کا اچانک دورہ کیا اور کہا کہ معیاری، بروقت اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی ہر مریض کا بنیادی حق ہے، جبکہ علاج معالجے اور مریضوں کی نگہداشت میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، ہسپتال کے مختلف شعبوں، صفائی ستھرائی، سکیورٹی انتظامات، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے زیر علاج مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے علاج، ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کے بارے میں فیڈبیک حاصل کیا، جس پر مریضوں نے مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات، ادویات کی بروقت فراہمی اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہسپتال میں طبی خدمات کے ساتھ صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے انتظامیہ کو عوام دوست طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔