کمشنر بہاولپور کا چشتیاں سہولت بازار کا دورہ، معیاری اشیاء مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کی ہدایت

چشتیاں: کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش حکومت کی مقررہ قیمتوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ کے ہمراہ چشتیاں میں قائم سہولت بازار کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) جام آفتاب احمد، اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں چودھری غلام مصطفیٰ جٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کے معیار، قیمتوں، صفائی، دستیابی اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بازار میں موجود شہریوں سے ملاقات کرکے سہولت بازار میں فراہم کی جانے والی اشیاء اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ تمام اشیاء مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں، صفائی اور نظم و ضبط ہر صورت برقرار رکھا جائے اور عوامی سہولت میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو معیاری اشیاء اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

Source: Chishtian.pk

متعلقہ خبریں