کمشنر بہاولپور کا بہاولنگر میڈیکل کالج اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، اعلیٰ تعمیراتی معیار اور بہتر طبی سہولیات پر زور
چشتیاں: کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ بہاولنگر میڈیکل کالج، جنرل ہسپتال بہاولنگر اور دیگر تمام ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ تعمیراتی معیار ہر صورت برقرار رکھا جائے اور ناقص تعمیر یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ کے ہمراہ زیر تعمیر بہاولنگر میڈیکل کالج اور جنرل ہسپتال بہاولنگر (سابقہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال) کا دورہ کیا، جہاں متعلقہ حکام نے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے تعمیراتی معیار، استعمال ہونے والے میٹریل، کام کی رفتار اور مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تمام منصوبے شفافیت، دیانتداری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جدید طبی سہولیات جلد میسر آ سکیں۔ بعد ازاں کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال بہاولنگر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف میڈیکل وارڈز، ایمرجنسی، صفائی ستھرائی، ادویات کے ذخیرے، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج کے معیار کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج، ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔