گلبرگ ٹاؤن میں ’روڈ سائیڈ جنگل فیز ٹو‘ کا افتتاح، محدود وسائل میں ترقیاتی کام قابلِ تقلید ہیں، سیف الدین ایڈوکیٹ

عوامی فلاح، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہر کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، جبکہ گلبرگ ٹاؤن کراچی کا ایک ماڈل ٹاؤن بن کر ابھر رہا ہے۔

وہ راشد منہاس روڈ پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے زیر اہتمام "روڈ سائیڈ جنگل فیز ٹو” کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی گلبرگ کامران سراج، چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف اور دیگر بھی موجود تھے۔

سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں اسکولوں، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس اور ماحول دوست منصوبوں پر ہونے والا کام اس بات کا ثبوت ہے کہ دیانت دار قیادت اور مؤثر منصوبہ بندی سے محدود وسائل میں بھی نمایاں نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "روڈ سائیڈ جنگل” کا منصوبہ ایک منفرد ماحولیاتی ماڈل ہے، جسے کراچی کے دیگر ٹاؤنز بھی اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی تیزی سے کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل ہو رہا ہے، جس سے درجہ حرارت میں اضافہ اور ماحولیاتی مسائل شدت اختیار کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں شجرکاری، گرین بیلٹس، واٹر ہارویسٹنگ اور دیگر ماحول دوست منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کراچی کے ٹاؤنز کو ان کی ضروریات کے مطابق وسائل فراہم کیے جائیں تو جماعت اسلامی کے زیر انتظام نو ٹاؤنز کو مثالی ماڈل ٹاؤنز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر کامران سراج نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ عوامی وسائل کو ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کر رہا ہے، جبکہ چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ کراچی کو سرسبز، صاف اور رہنے کے قابل شہر بنانے کے لیے بلدیاتی اداروں اور شہریوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں