ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے فرض شناس کانسٹیبل روشان گل کو سی سی-II سرٹیفکیٹ اور انعام سے نواز دیا
کراچی (نامہ نگار) ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سید پیر محمد شاہ نے کلفٹن ٹریفک سیکشن کے کانسٹیبل روشان گل سے ملاقات کی اور دورانِ ڈیوٹی بہترین کارکردگی، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کانسٹیبل روشان گل کو CC-II سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ فرض شناسی، محنت اور دیانت داری سے فرائض انجام دینے والے افسران اور جوان محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ایسے اہلکاروں کی بہترین کارکردگی کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے اس امید کا اظہار کیا کہ محکمہ پولیس کے دیگر افسران اور اہلکار بھی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اسی جذبے اور لگن کے ساتھ انجام دیتے ہوئے عوام کی خدمت اور ٹریفک نظم و ضبط کی بہتری میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔