سیالکوٹ: متاثرہ خاندان کو مبینہ دھمکیاں دینے کے الزام میں ٹک ٹاکر ’مسٹر پتلو‘ کو گرفتار کرلیا گیا۔
سیالکوٹ: شادی کی تقریب میں بھگدڑ کے واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کو مبینہ دھمکیاں دینے کے الزام میں ٹک ٹاکر محمد انصر جٹ عرف ’مسٹر پتلو‘ کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ترجمان خرم شہزاد کے مطابق جاں بحق ہونے والے محمد ریحان ارشد کے رشتے دار محمد ابوبکر نے تھانہ سٹی ڈسکہ میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ مدعی نے الزام لگایا کہ 6 نومبر کو چار نامعلوم افراد نے ان کے اہل خانہ پر بھگدڑ کے مقدمے میں صلح کے لیے دباؤ ڈالا اور مزاحمت پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
نئے مقدمے میں انصر جٹ عرف پتلو، اس کے بھائی اور چار نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 348، 109، 149 اور 506-B کے تحت درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 30 اکتوبر کو ڈسکہ روڈ کے فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے دو افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کا مقدمہ پہلے ہی انصر جٹ سمیت دیگر افراد کے خلاف درج ہے۔
ڈی پی او سیالکوٹ ریٹائرڈ کیپٹن دوست محمد نے بتایا کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے گی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔