کراچی کے شہری مسائل کے حل کے لیے مشترکہ ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت

کراچی (نمائندہ خصوصی) سندھ کے چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی مشترکہ صدارت میں کراچی کے شہری مسائل سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے انفراسٹرکچر، تجاوزات، ٹریفک، پانی کی فراہمی، سیوریج، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور غیر قانونی تعمیرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کے مسائل کسی ایک ادارے کے بس کی بات نہیں، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے مشترکہ اور وقت کے تعین کے ساتھ ایک جامع ایکشن پلان تیار کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وقتی مہمات کے بجائے شہری مسائل کے مستقل اور پائیدار حل پر توجہ دی جائے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو نئی تعمیر شدہ سڑکوں کی بار بار کھدائی روکنے کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات شہریوں کو بہتر سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی صورت میں نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں کو فیلڈ مانیٹرنگ بڑھانے اور ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑی شاہراہوں، فٹ پاتھوں، برساتی نالوں اور سرکاری اراضی سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے گا، جبکہ شہر کے ٹریفک جام والے مقامات کی نشاندہی کر کے علاقے کی ضرورت کے مطابق ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی تیار کیا جائے گا۔

اجلاس میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیئرمین پلاننگ بورڈ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات، پرنسپل سیکرٹری گورنر سندھ، کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں