پنجاب کے 6 اضلاع میں پائپ کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور (نمائندہ خصوصی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں ہر فرد اور ہر گھر تک صاف پانی پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چھ اضلاع میں پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت فلٹریشن پلانٹس، بوتل بند پانی اور واٹر باؤزرز کے ذریعے شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
پائلٹ منصوبے کے لیے جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب کے چھ اضلاع راجن پور، لاہور، فیصل آباد، چکوال، راولپنڈی اور مری/کوٹلی ستیاں کا انتخاب کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، واسا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ماہرین سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کم آمدن والے خاندانوں کو منصوبے میں ترجیح دینے اور صاف پانی سے محروم علاقوں تک پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے پانی کی قلت اور آبی آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں واٹر ٹینکرز اور واٹر باؤزرز کے ذریعے فوری پانی پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں صاف پانی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے مختلف ماڈلز، بشمول پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ بوتل بند پانی کے پلانٹس کو مکمل استعداد کے ساتھ چلانے پر زور دیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کوہ سلیمان کے دور دراز علاقوں میں بوتل بند پانی کی کامیاب فراہمی پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔