خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ایشیا اوشیانا کے معتبر ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ 2026 کے لیے منتخب

پشاور (نمائندہ خصوصی): خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو سرکاری شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی، جدت اور نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں باوقار ASOCIO Digital Government Award 2026 کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔جاری بیان کے مطابق ASOCIO (Asian-Oceanian Computing Industry Organisation) ایشیا اور اوشیانا کے خطے کی ایک اہم علاقائی آئی سی ٹی فیڈریشن ہے، جس میں آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا، سنگاپور، پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ، ویتنام، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال سمیت 24 سے زائد معیشتیں شامل ہیں۔ASOCIO کے ایوارڈز کو خطے کے معتبر ترین آئی سی ٹی اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے، جن کے ذریعے ڈیجیٹل جدت، قیادت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے تبدیلی لانے والی نمایاں کاوشوں کو سراہا جاتا ہے۔  

خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر عاکف خان نے بتایا کہ ادارے نے Digital KP Roadmap 2030 اور Dastak پلیٹ فارم کی بنیاد پر یہ باوقار اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ Dastak ایپ اس سے قبل 2025 میں تائیوان میں منعقدہ International Asia Pacific ICT Alliance (APICTA) Awards میں Government and Citizen Services کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کر چکی ہے، جہاں 17 ممالک کی نمائندگی کرنے والی انٹریز کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔

صوبائی وزیر اطلاعات شفقت ایان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں کارکردگی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا صوبے اور ملک دونوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عالمی اعزاز خیبر پختونخوا حکومت کی ڈیجیٹل پالیسی پر عمل درآمد اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا واضح ثبوت ہے۔ KPITB کے مطابق یہ اعزاز حکومت خیبر پختونخوا اور ادارے کی پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں اور ایک جدید، مربوط اور شہری مرکز ڈیجیٹل خیبر پختونخوا کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں