لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا 88.61 ارب روپے کا بجٹ منظور
دریں اثنا، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے مالی سال 2026-27 کے لیے LDA اور TEPA کا 88.613 ارب روپے کا بجٹ منظور کرلیا، جبکہ اتھارٹی کے لیے 47 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
LDA گورننگ باڈی کا اجلاس وائس چیئرمین میاں مرغوب احمد کی زیر صدارت ہوا۔ اتھارٹی نے ٹاؤن پلاننگ سے 17 ارب روپے اور سیلز و الاٹمنٹ سے 19.2 ارب روپے کی آمدنی کا ہدف مقرر کیا، جس میں LDA سٹی سے 15 ارب روپے حاصل کرنے کا تخمینہ شامل ہے۔
پنجاب حکومت نے اسٹرکچر پلان روڈز کے لیے 10 ارب روپے کا قرض مختص کیا ہے، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کی اسکیموں کے لیے 6.3 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
LDA سٹی میں ترقیاتی کاموں کے لیے 12.5 ارب روپے، پائیدار ترقی اور شہری بحالی کے لیے 13.5 ارب روپے اور LDA ایونیو ون کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے۔
گورننگ باڈی نے LDA Building and Zoning Regulations 2019 میں ترامیم بھی منظور کرلیں۔ LDA ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن اور LDA انکلیو میں مینٹیننس اور دیگر خدمات کی فراہمی کے لیے پائلٹ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
اس منصوبے کے تحت تین، پانچ، سات اور 10 مرلہ اور ایک کنال کے رہائشی و کمرشل پلاٹس پر مینٹیننس چارجز عائد کیے جائیں گے۔ تاہم تینوں اسکیموں میں پہلے دو ماہ تک LDA کی جانب سے یہ خدمات مفت فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب 118 کنال اراضی پر کمرشل پلاٹس تیار کرکے انہیں مارکیٹ کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی۔ اس منصوبے کو LDA Tech Park کے طور پر تیار کیا جائے گا، جہاں ایک کنال، 15 مرلہ اور آٹھ مرلہ رقبے کے کمرشل پلاٹس پیش کیے جائیں گے۔