چین کا سندھ کے ٹرانسپورٹ، توانائی اور انفراسٹرکچر منصوبوں میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار

کراچی: ہنان صوبائی پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین یانگ ہاؤ ڈونگ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات میں ٹرانسپورٹ، نئی توانائی اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری تعاون کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق شرجیل انعام میمن نے چین میں ہونے والے کثیرالجہتی مکالمے میں شرکت کی، جہاں ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر، گوانگ ژو میں پاکستان کے قونصل جنرل یاسر اقبال بٹ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بیلاروس، روس اور میکسیکو کے وفود نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران یانگ ہاؤ ڈونگ نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا۔

شرجیل میمن نے سندھ حکومت کی جانب سے وفد کو چین کے شہر چانگشا کا دورہ کرنے اور سندھ و ہنان صوبوں کے درمیان سسٹر پروونس تعلقات کے فروغ کی دعوت دینے پر یانگ ہاؤ ڈونگ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ہنان فارن افیئرز آفس کی جانب سے پاکستانی وفد کی تقریب میں شرکت کے لیے سہولت کاری کو بھی سراہا۔

سندھ کے سینئر وزیر نے یانگ ہاؤ ڈونگ کو 23 نومبر سے کراچی میں منعقد ہونے والی چوتھی فوڈ ایگرو نمائش میں شرکت کے لیے ہنان صوبے کا وفد بھیجنے کی دعوت دی، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان خوراک، زراعت اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔

شرجیل میمن نے سندھ حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن میں الیکٹرک بسیں، ڈبل ڈیکر بسیں، بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) کوریڈورز اور الیکٹرک ٹیکسیاں شامل ہیں۔

انہوں نے نئی توانائی، بڑے پیمانے کی پبلک ٹرانسپورٹ، خوراک اور زراعت کے شعبوں میں ہنان صوبے کے ساتھ تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور کاروباری روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

متعلقہ خبریں