اسلام آباد بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو کرانے کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں 20 دسمبر کو شیڈول بلدیاتی انتخابات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیے گئے۔ درخواست گزار چوہدری امجد علی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حلقہ بندیوں کی قانونی حیثیت کا حتمی فیصلہ ہونے تک انتخابات نہیں کرائے جا سکتے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن کے 21 اکتوبر 2026 کے حکم اور انتخابی شیڈول کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق انتخابات متنازع اور پرانی حلقہ بندیوں کی بنیاد پر کرائے جا رہے ہیں، جبکہ اسلام آباد کے بلدیاتی اداروں کی مدت فروری 2021 میں ختم ہو چکی تھی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کے تحت 130 یونین کونسلز کو تین ٹاؤن کارپوریشنز میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ سابقہ قانون میں 125 یونین کونسلز کا انتظام تھا۔ درخواست گزار نے عدالت سے انتخابی عمل معطل کرنے اور قانون کے مطابق شفاف حلقہ بندیاں کرانے کی استدعا کی ہے۔