وزیراعلیٰ سندھ کی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ محکموں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے، آبی تحفظ مضبوط بنانے، ساحلی آبادیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ماحول دوست توانائی و پائیدار زراعت کے منصوبوں کو وسعت دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا سندھ کے لیے ترقی کی بنیادی ضرورت ہے، کیونکہ صوبہ سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور ساحلی کٹاؤ جیسے خطرات کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومتی اقدامات سے عوام کی زندگیوں، ذرائع معاش اور بنیادی ڈھانچے کو تحفظ ملنا چاہیے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 23 اضلاع میں 552 میل طویل نہروں کی بحالی سے 884 کیوسک پانی کی بچت ہوئی ہے، جبکہ صوبے میں 207 چھوٹے ڈیم تعمیر کیے گئے ہیں جن میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 50 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ وزیراعلیٰ نے آبپاشی کے نظام کی بہتری، نکاسی آب کے منصوبوں کی تکمیل اور بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
ساحلی تحفظ کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیلٹا بلیو کاربن منصوبوں کے تحت ایک لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبے پر مینگرووز کی بحالی کا کام جاری ہے۔ سندھ کوسٹل ریزیلینس منصوبے کے تحت ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں حفاظتی اقدامات، نکاسی آب اور قدرتی ماحول پر مبنی حل کے ذریعے پانچ لاکھ سے زائد افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں 2,360 میگاواٹ اضافی ونڈ پاور، کم آمدنی والے اور آف گرڈ علاقوں کے 2 لاکھ 75 ہزار گھرانوں کے لیے شمسی توانائی اور کچرے سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے شمسی توانائی سے چلنے والے آبپاشی نظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی طریقوں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں 540 ملین ڈالر کے مجوزہ اسٹار واش پروگرام پر بھی غور کیا گیا، جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ دیہات میں پینے کے صاف پانی اور نکاسی و صفائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 12 سے 15 لاکھ افراد کو سہولیات فراہم کرنے کا ہدف ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ ترجیحی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کریں اور بین الاقوامی ترقیاتی اداروں اور نجی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنائیں۔