کے ایم سی اسپتالوں میں لیبارٹری مشینیں برسوں سے خراب، پی اے سی کا تحقیقات کا حکم
کراچی: سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کو بتایا گیا ہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے زیر انتظام کئی اسپتالوں میں ایکسرے، الٹراساؤنڈ اور ای سی جی سمیت ضروری تشخیصی مشینیں برسوں سے خراب ہیں۔
چیئرمین نثار کھوڑو کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی نے صورت حال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی انسپکشن ٹیم (سی ایم آئی ٹی) کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔
آڈٹ حکام نے بتایا کہ معائنے کے دوران سوبھراج میٹرنٹی اسپتال سمیت کے ایم سی کے دیگر مراکز میں تشخیصی مشینیں غیر فعال پائی گئیں۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے تسلیم کیا کہ ایکسرے مشین 2022 سے 2025 تک خراب رہی اور حال ہی میں مرمت کی گئی۔
نثار کھوڑو نے سوال اٹھایا کہ ملک کا سب سے بڑا بلدیاتی ادارہ تین سال تک ایک ایکسرے مشین کی مرمت کے لیے فنڈز کیوں فراہم نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مریضوں کے مفت علاج اور سہولتوں کے لیے اربوں روپے فراہم کررہی ہے، اس کے باوجود مشینوں کی خرابی افسران کی غفلت ہے۔
کمیٹی رکن طحہٰ احمد نے کہا کہ مشینوں کی طویل خرابی سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور صوبے کے دیگر اسپتالوں میں بھی ایم آر آئی سمیت مہنگی مشینیں تکنیکی عملے کی کمی کے باعث غیر فعال ہیں، جس سے مریض نجی لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کرانے پر مجبور ہوتے ہیں۔
پی اے سی نے سی ایم آئی ٹی کو کے ایم سی اور سندھ کے دیگر اسپتالوں میں ایکسرے، سی ٹی اسکین، الٹراساؤنڈ، ایم آر آئی اور ای سی جی مشینوں کی خرابی کی جامع تحقیقات کرکے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کے ایم سی کے میونسپل کمشنر ابرار احمد جعفر نے بتایا کہ ادارے کے تحت 13 اسپتال کام کررہے ہیں۔
اجلاس میں گھوسٹ ملازمین سے متعلق آڈٹ اعتراض بھی زیر بحث آیا۔ میونسپل کمشنر نے بتایا کہ کے ایم سی میں 10 ہزار سے زائد ملازمین ہیں اور تمام محکموں کے سربراہان کو ملازمین کی جسمانی تصدیق کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
کمیٹی نے سابقہ احکامات پر عمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ملازمین کی جسمانی تصدیق، 10 ہزار سے زائد ملازمین کی تعلیمی اسناد کی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے جانچ اور فوری طور پر بائیومیٹرک حاضری کا نظام نصب کرنے کا حکم دیا، تاکہ گھر بیٹھ کر تنخواہیں لینے والے ملازمین کی نشاندہی ہوسکے۔
پی اے سی نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ کمیٹی کے تمام احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔