پاکستان میں فضائی آلودگی پر قابو پانے اور ماحولیاتی مسائل کا حل پیش کرنے والے اسٹارٹ اپس کی معاونت کے لیے 10 ملین ڈالر کا فنڈ قائم

اسلام آباد: پاکستان نیشنل کلین ایئر کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی سے صحت اور معیشت کو پہنچنے والا نقصان مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 6.5 فیصد کے برابر ہے۔ اس کے اثرات غریب اور کمزور طبقات پر زیادہ مرتب ہوتے ہیں، جبکہ بچے، مزدور، کسان اور سڑکوں پر کام کرنے والے افراد مسلسل آلودہ فضا میں رہنے پر مجبور ہیں۔

ما حولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ فضائی آلودگی کوئی قدرتی آفت نہیں بلکہ انسانی سرگرمیوں اور پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اس پر قابو پانے کے لیے صنعتی اخراج میں کمی، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت اپنے محدود وسائل سے 10 ملین ڈالر کا کلین ایئر اسٹارٹ اپ فنڈ قائم کر رہی ہے، جس کے لیے عالمی ترقیاتی شراکت داروں سے بھی تعاون طلب کیا گیا ہے۔ فنڈ کے بورڈ سے منظوری اگلے روز متوقع تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کے شہروں بیجنگ اور شنگھائی نے فضائی آلودگی پر قابو پانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے، پاکستان بھی مؤثر اقدامات اور عالمی تعاون کے ذریعے فضائی معیار بہتر بنا سکتا ہے۔

انہوں نے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یونیسیف اور جرمن ادارے جی آئی زیڈ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف فضا کا تحفظ آنے والی نسلوں کے لیے حکومت کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں