راولپنڈی کے تاجروں کا ستھرا پنجاب صفائی ٹیکس مسترد، احتجاج کی دھمکی

راولپنڈی: تاجروں کی تنظیموں نے پنجاب حکومت کی جانب سے ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے تحت عائد نئے صفائی ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ٹیکس واپس نہ لینے کی صورت میں احتجاج کیا جائے گا۔

مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تاجر پہلے ہی پراپرٹی ٹیکس، واسا بلوں اور دیگر سرکاری محصولات کی ادائیگی کر رہے ہیں، ایسے میں صفائی کے نام پر اضافی ٹیکس عائد کرنا غیر منصفانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور مختلف ٹیکسوں کے باعث کاروباری طبقہ پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے۔ دکانوں اور تجارتی مراکز پر ماہانہ صفائی فیس عائد کرنے سے چھوٹے تاجروں پر مزید بوجھ پڑے گا۔

تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت نیا صفائی ٹیکس واپس لے اور موجودہ محصولات و بلوں کا جامع جائزہ لے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت واضح کرے کہ پراپرٹی ٹیکس، واسا بلوں اور نئے صفائی چارجز کے تحت کون سی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ایک ہی نوعیت کی خدمات پر بار بار وصولی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ تاجر صاف ماحول اور مؤثر صفائی نظام کے حامی ہیں، تاہم موجودہ ٹیکسوں اور خدمات کی وضاحت کے بغیر اضافی مالی بوجھ قبول نہیں کیا جا سکتا۔

پریس کانفرنس میں مختلف تجارتی تنظیموں کے عہدیداران اور تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

متعلقہ خبریں