ایف نائن پارک میں ایک بھی درخت نہیں کاٹا جائے گا: محسن نقوی
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک کی مجوزہ تزئین و آرائش کے دوران ایک بھی درخت نہیں کاٹا جائے گا اور نہ ہی کوئی نیا کنکریٹ کا ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح پارک اسلام آباد کے شہریوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ منصوبے میں بہتر روشنی، خوبصورت جھیل، کافی شاپس، بہتر واک ویز اور ہزاروں نئے درخت لگانے کے اقدامات شامل ہوں گے۔
محسن نقوی کے مطابق مقصد پارک کو مزید سرسبز، محفوظ اور خاندانوں کے لیے پرکشش بنانا ہے۔
انہوں نے اس سے قبل کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ایف نائن پارک کو لندن کے ہائیڈ پارک کی طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی پر ماضی میں شہریوں کی جانب سے تحفظات سامنے آتے رہے ہیں۔ 2024 میں سپریم کورٹ نے ایف نائن پارک میں درختوں کی کٹائی کا نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے کو ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔