لاہور ماسٹر پلان 2050 میں گرین ایریاز میں قائم غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز

لاہور: لاہور ڈویژن ماسٹر پلان 2050 میں ان ہاؤسنگ اسکیموں کو بھاری جرمانے، لینڈ یوز کنورژن فیس یا دیگر اقدامات کے ذریعے ریگولرائز کرنے کی تجویز دی گئی ہے جو پہلے گرین ایریاز میں غیر قانونی طور پر قائم ہوئیں، لیکن بعد میں حکومتی منظوری سے براؤن ایریاز میں شامل ہوگئیں۔

تاہم جو اسکیمیں اب بھی گرین ایریاز میں واقع ہیں، انہیں کسی صورت ریگولرائز نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے میٹروپولیٹن ونگ کے ایک سینئر افسر کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر قانونی اسکیمیں قائم کرنے والوں کو سزا دینا اور قانونی طریقے سے ہاؤسنگ اسکیمیں بنانے والے ڈویلپرز کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔

لاہور ڈویژن ماسٹر پلان 2050 سنہ 2022 میں مکمل ہوا تھا، تاہم لاہور ہائی کورٹ نے جنوری 2023 میں اس پر عمل درآمد معطل کردیا تھا۔ فروری میں ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی نے مشیروں سے مذاکرات کے بعد 32 کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ منصوبہ مکمل کرنے کی منظوری دی تھی۔

ماسٹر پلان میں گلبرگ میں نئے سٹی سینٹر کے قیام اور لاہور ڈویژن کی آئندہ شہری توسیع کا خاکہ شامل ہے۔ اس کا دائرہ لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب تک پھیلا ہوا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ، سڑکوں، رہائش، زراعت، صحت، تعلیم، صنعت اور سیوریج سمیت مختلف شعبوں کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے منصوبے کے ماحولیاتی پہلوؤں پر عوامی سماعت بھی منعقد کی گئی، جس میں شہری آلودگی اور دیگر شہری مسائل پر عوامی آرا اور تجاویز طلب کی گئیں۔

متعلقہ خبریں