نیو کراچی ٹاؤن میں 91 ترقیاتی منصوبے مکمل، یو سی 9 میں سڑک کی کارپیٹنگ کا افتتاح

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے یونین کونسل نمبر 9 کے سیکٹر 11-F میں حنفیہ ماڈل محلہ کی سڑک کی کارپیٹنگ کے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی ڈاکٹر شکیل، مجتبیٰ اکبر قریشی، وائس چیئرمین یو سی 9 حنظلہ انور قریشی، وائس چیئرمین یو سی 11 عمران شفیق، جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ داران اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں رواں سال 91 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں اور جلد ہی منصوبوں کی تعداد 100 تک پہنچ جائے گی۔ ان کے مطابق یونین کونسل نمبر 9 کی تقریباً 90 فیصد گلیاں پختہ کی جا چکی ہیں جبکہ اندرونی علاقوں میں سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکٹر 11-F کی سڑک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، جسے جدید معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد صرف سڑکیں بنانا نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

محمد یوسف نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض علاقوں میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے بعد پانی اور سیوریج لائنوں کا کام شروع کر دیا جاتا ہے، جس سے سڑکیں متاثر اور قومی وسائل ضائع ہوتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں باہمی رابطہ یقینی بنایا جائے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ اگر شہر میں 126 سڑکوں کی تعمیر کا دعویٰ کیا جا رہا ہے تو سات ہزار روڈ، شفیق موڑ سے اللہ والی تک، کی تعمیر کو بھی ترجیح دی جائے۔ ان کے مطابق یہ سڑک کے ایم سی کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے متعدد خطوط بھی ارسال کیے جا چکے ہیں، تاہم ساڑھے تین سال گزرنے کے باوجود تعمیر شروع نہیں ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ میئر کراچی شفیق موڑ سے اللہ والی تک چنگ چی رکشے میں سفر کرکے سڑک کی حالت کا خود جائزہ لیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہو سکے۔ محمد یوسف نے مطالبہ کیا کہ سات ہزار روڈ کی تعمیر فوری شروع کی جائے تاکہ روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو مشکلات سے نجات مل سکے۔

متعلقہ خبریں