لاہور: صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت فیز ون کی تکمیل کے بعد فیز ٹو پر کام تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’مریم نواز کا سوہنا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت اب تک 109 زیرِ زمین واٹر ٹینک تعمیر کیے جا چکے ہیں، جو مجموعی طور پر 24 ملین گیلن برساتی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے پی ایم یو میں پی ڈی پی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود، ایڈیشنل سیکرٹری مہرین عباسی اور دیگر افسران شریک ہوئے، جبکہ اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور میونسپل آفیسرز (انفراسٹرکچر) نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک نے پروگرام پر بریفنگ دی۔
ذیشان رفیق کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے میں 124 کلومیٹر ڈرین تعمیر کی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 150 کلومیٹر سیور لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔ فیز ٹو کے تحت 51 شہروں کو نکاسی آب اور ڈی سلٹنگ کے لیے 217 مشینیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ شہروں کے لیے مجموعی طور پر 287 نئی مشینری مہیا کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی کے تحت 153 عوامی پارکس کی تعمیر اور بحالی بھی کی جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں 330 کلومیٹر سیور لائن اور 326 کلومیٹر گلیاں اور سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، جبکہ تیسرے اور چوتھے مرحلے میں ہر ایک کے تحت 330 کلومیٹر سیور لائن بچھائی جائے گی۔
وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ فیز ٹو میں 20، فیز تھری میں 16 اور فیز فور میں 15 ڈسپوزل اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے۔ مختلف شہروں میں 2 ہزار مین ہول کورز بھی نصب کیے جائیں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ سڑکوں کے درمیان مین ہولز بنانے سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔