سندھ کابینہ کی کراچی سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے 5.766 ارب روپے کی منظوری
کراچی: سندھ کابینہ نے کراچی سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے 5 ارب 76 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منصوبہ 18 ماہ کے اندر فعال کیا جائے۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 2,300 سے زائد کیمرے نصب کیے جائیں گے، جن میں 870 عمومی نگرانی، 1,300 آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (ANPR) اور چہرہ شناسی کی سہولت والے جبکہ 80 ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیے استعمال ہوں گے۔
منصوبے کے مجموعی منصوبے کے تحت تمام مراحل کی تکمیل پر کراچی بھر کے 2,000 سے زائد مقامات پر تقریباً 10 ہزار کیمرے نصب کیے جانے ہیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا معاہدہ حکومت سے حکومت کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے اور یہ کسی نجی کمپنی کو نہیں دیا گیا۔
سینئر وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کو منصوبے کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے اور مقررہ مدت میں اسے فعال بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق کراچی سیف سٹی منصوبے کی مجموعی منظور شدہ لاگت 9 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے جبکہ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) کے ساتھ معاہدے کی مالیت 8 ارب 87 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے۔