اسلام آباد مقامی حکومت آرڈیننس 2026 ختم، 2015 ایکٹ بحال، الیکشن کمیشن کا تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کے قیام سے متعلق آئینی تقاضوں پر عملدرآمد ضروری ہے اور کسی انتظامی یا قانونی رکاوٹ کو انتخابات کے انعقاد میں حائل نہیں ہونا چاہیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد مقامی حکومت آرڈیننس 2026 کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد اس کے تحت کیے گئے اقدامات اور ترامیم بھی غیر مؤثر ہوگئیں۔ نتیجتاً اسلام آباد مقامی حکومت ایکٹ 2015 بحال ہوچکا ہے اور انتخابات اسی قانون کے تحت کرانا ضروری ہیں۔

فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد 12 مارچ 2025 کو مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر 125 یونین کونسلز کی حلقہ بندیاں شائع کی تھیں۔ کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے چھ مرتبہ حلقہ بندیاں اور چار مرتبہ انتخابی شیڈول جاری کیا جا چکا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزارت داخلہ کو متعدد خطوط کے ذریعے بلدیاتی قانون سازی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، تاہم وزارت نے بتایا کہ مجوزہ قانون قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش ہونا تھا۔

تفصیلی فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے بار بار نئی قانون سازی اور مجوزہ ترامیم انتخابات میں تاخیر کی وجہ بنیں۔ قانون میں تبدیلیوں کو انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابات غیر معینہ مدت تک مؤخر کرنے کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق 21 اکتوبر کو مختصر فیصلہ جاری کیا تھا۔

متعلقہ خبریں