کراچی سٹی کونسل کی برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کو پیدل افراد کے لیے مختص کرنے کی منظوری

کراچی: کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی سٹی کونسل نے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کو پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کرنے اور اس کی تزئین و آرائش کے لیے 24 کروڑ 98 لاکھ 23 ہزار روپے سے زائد کے اخراجات کی منظوری دے دی۔ جمعہ کو ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد کی زیر صدارت اجلاس میں 34 قراردادیں منظور کی گئیں، جس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ اپوزیشن ارکان نے گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے اور مقامی رہائشیوں و کاروباری افراد کو درپیش مشکلات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے فروری 2023 میں برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ ختم کرکے سڑک ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی ہدایت کی تھی۔

میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ برنس روڈ تاریخی ورثہ ہے جس کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور ملحقہ گلیوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں نہرِ خیام کے منصوبے پر بھی بحث ہوئی، جبکہ سیوریج کو الگ کرنے اور متوازی لائنیں بچھانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی تاکہ آبی گزرگاہ کو آلودگی سے پاک کرکے تفریحی مقام بنایا جاسکے۔ اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے یونین کمیٹی چیئرمینوں کے اختیارات، صفائی کے عملے کی عدم دستیابی اور مختلف علاقوں میں پانی کی قلت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

سٹی کونسل نے کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے لیے سالانہ 10 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی تاکہ عباسی شہید اسپتال میں قائداعظم بلاک کو فعال بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ کے ایم سی اسپتالوں کی نرسوں کے الاؤنسز میں اضافے، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزز میں نرسنگ کالج کی بحالی اور کے الیکٹرک کے تصفیہ شدہ واجبات کی مد میں 42 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی۔

متعلقہ خبریں