اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پر حکم امتناعی میں مزید دو ہفتوں کی توسیع

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات روکنے کے اپنے عبوری حکم میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تفصیلی جواب طلب کرلیا ہے۔

جسٹس عامر مجید ملک نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر عادل عزیز قاضی پیش ہوئے، جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم امتناع کے بعد کمیشن نے انتخابی شیڈول معطل کردیا ہے۔

جسٹس عامر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ ابھی حل طلب ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب درخواست گزاروں کے مطابق ایک مخصوص وارڈ میں صرف دو ووٹرز ہیں تو ایسے میں انتخابات کیسے کرائے جاسکتے ہیں؟

عدالت نے الیکشن کمیشن کے حکام سے استفسار کیا کہ آیا حلقہ بندیوں کا عمل 2015 کے قانون کے مطابق مکمل کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کمیشن نے اپنے فیصلے کی وجوہات پر مشتمل تفصیلی حکم نامہ جاری کیا ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ قانون کے تحت حلقہ بندیوں کا عمل چھ مرتبہ مکمل کیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر کمیشن نے باقاعدہ کارروائی کی تھی تو اس کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جاسکتی تھی۔ عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد کیا الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں میں تبدیلی کرسکتا ہے؟

جسٹس عامر مجید ملک نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو عدالت کو مطمئن کرنا ہوگا کہ حلقہ بندیوں کا عمل قانون کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس معاملے پر پہلے بھی متعدد درخواستیں دائر ہوچکی ہیں۔

عدالت نے یہ بھی ریمارکس دیے کہ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ انہیں یہ تک معلوم نہیں کہ وہ کس وارڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حلقہ بندیاں متعلقہ قانون کے مطابق کی گئی ہیں اور 14 اکتوبر کو حکم نامہ جاری کرکے اس عمل کی تکمیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وفاقی حکومت پر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سبوتاژ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات فروری 2021 میں گزشتہ بلدیاتی حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد سے مسلسل تاخیر اور التوا کا شکار ہیں۔

الیکشن کمیشن متعدد مرتبہ انتخابی شیڈول جاری کرچکا ہے، تاہم قانون سازی میں تبدیلیوں اور عدالتی احکامات سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر انہیں منسوخ کرنا پڑا۔ حلقہ بندیوں اور یونین کونسلوں کی تشکیل کا عمل چھ مرتبہ مکمل کیا گیا، جبکہ انتخابی شیڈول چار مرتبہ جاری کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ چونکہ 2015 میں نافذ کیا گیا بلدیاتی قانون تاحال برقرار ہے، اس لیے انتخابات اسی قانون کے تحت کرائے جائیں گے۔ اس کے تحت 50 حلقوں میں انتخابات ہوں گے، جس کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

انتخابی عمل کے مختلف مراحل مکمل ہونے کے بعد 20 دسمبر کو پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جبکہ نتائج مرتب کرنے اور حتمی شکل دینے کے لیے 21 سے 24 دسمبر تک چار دن مختص کیے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں