منگھوپیر ٹاؤن چیئرمین کو نیا ناظم آباد میں نصب نئے ٹریفک سگنلز پر بریفنگ
کراچی: کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے اسسٹنٹ ٹریفک انجینئر وقاص احمد نے منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین نواز بروہی کو منگھوپیر روڈ پر واقع نیا ناظم آباد میں نصب کیے گئے نئے ٹریفک سگنلز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران وقاص احمد نے منصوبے کی اہم خصوصیات، اس کی موجودہ آپریشنل صورتحال اور ٹریفک کی بہتر روانی میں اس کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹریفک سگنل سسٹم کا مقصد گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم بنانا، ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانا اور شہریوں کے لیے محفوظ اور ہموار سفر کو یقینی بنانا ہے۔
چیئرمین نواز بروہی کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ ڈرائیورز اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
حکام کے مطابق نئے ٹریفک سگنلز سے منگھوپیر روڈ پر ٹریفک کی مؤثر نگرانی، قوانین پر بہتر عملدرآمد اور شہریوں کو زیادہ محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔