حافظ نعیم الرحمن نے نیو کراچی میں گل لالہ پارک کا افتتاح کردیا
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ نارتھ کراچی سیکٹر 11-A میں تزئین و آرائش کے بعد گل لالہ پارک کا افتتاح کردیا۔
22 اکتوبر 2026 کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، ڈاکٹر شکیل احمد، جے آئی یوتھ کے نمائندوں، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، یوسی چیئرمین 12 عظیم انور، کونسلرز، جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی کراچی کی خدمت کا موقع ملا، اس نے شہر کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان کی ترقیاتی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جاتا تو آج کراچی پانی کے شدید بحران سے دوچار نہ ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ K-4 منصوبہ نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا تھا، تاہم بعد کی حکومتوں نے اسے نظرانداز کیا، جس کے باعث آج لاکھوں شہری پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ محدود وسائل اور مالی مشکلات کے باوجود جماعت اسلامی کے زیر انتظام نو ٹاؤنز میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن میں سڑکوں کی تعمیر، گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب، اسٹریٹ لائٹس، پارکوں کی بحالی اور دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گل لالہ پارک کی بحالی شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے، جہاں بچوں اور خاندانوں کو تفریح کی بہتر سہولتیں میسر آئیں گی۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ جب جماعت اسلامی نے ٹاؤن کی ذمہ داری سنبھالی تو علاقہ بدانتظامی، خستہ حال انفرااسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں کی کمی کا شکار تھا، تاہم گزشتہ تین برس کے دوران دیانت داری، شفافیت اور مسلسل محنت سے ٹاؤن کا نقشہ بدل دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی امانت عوام ہی کی فلاح پر خرچ کرنا جماعت اسلامی کی پہچان ہے۔ گل لالہ پارک بھی ماضی میں ویرانی اور عدم توجہی کا شکار تھا، جسے ازسرنو تعمیر، شجرکاری اور جدید سہولتوں کے ذریعے بحال کرکے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
محمد یوسف نے عزم ظاہر کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا اور عوامی خدمت کے مزید منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے گل لالہ پارک کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹاؤن میں ترقیاتی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔