نہر خیام منصوبے پر احتجاج، سندھ حکومت کا ماحولیاتی جائزے کے لیے سیپا سے رجوع
کراچی: نہر خیام پر جاری تعمیراتی کام کے خلاف عوامی احتجاج کے بعد سندھ حکومت نے منصوبے کے ماحولیاتی اثرات اور قانونی تقاضوں کا جائزہ لینے کے لیے سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) سے رجوع کر لیا ہے۔
محکمہ بلدیات کے تحت کراچی میگا پراجیکٹس کے پروجیکٹ منیجر نے 26 اکتوبر کو سیپا کے ڈائریکٹر جنرل کو خط لکھ کر منصوبے کے لیے ماحولیاتی منظوری اور ضروری حفاظتی اقدامات سے متعلق رائے طلب کی ہے۔
منصوبے میں نہر خیام کے ایک کلومیٹر حصے کی بحالی، ایک کلومیٹر نئی سیوریج لائن اور ملٹی سیل باکس ڈرین کی تعمیر شامل ہے۔ محکمہ بلدیات کے مطابق اس کا مقصد نکاسی آب بہتر بنانا، گندے پانی کی آلودگی اور پانی کے جمود کو کم کرنا ہے۔
دوسری جانب ماحولیاتی کارکنوں اور علاقہ مکینوں نے منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی مقام پر احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین کو خدشہ ہے کہ آبی گزرگاہ کو محدود یا ڈھانپنے سے کراچی کے نکاسی آب کے نظام کو نقصان، شہری سیلاب کا خطرہ اور سمندری ماحول متاثر ہو سکتا ہے۔
مظاہرین نے منصوبے کی تفصیلات عوام کے سامنے نہ لانے پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نہر کو تجارتی سرگرمیوں، بشمول ممکنہ فوڈ اسٹریٹ، میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔