وزیراعلیٰ آفس میں تقریب،وزیراعلیٰ عثمان بزدار مہمان خصوصی، بہترین کارکردگی دکھانیوالے افسران میں سرٹیفکیٹ تقسیم
عیدالاضحی پر بروقت اوربہترین صفائی کے انتظامات پر سیاسی اور انتظامی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے:عثمان بزدار
ایک دن نہیں، اب ہر روز کام کر کے دکھانا ہے، عوامی خدمت کرنے والے افسر وں کی بھرپور سپورٹ کی جائے گی عوام کی خدمت کریں، یہ ڈیوٹی ہی نہیں کارثواب بھی ہے، عیدالاضحی پر آپ سب نے اپنی محنت سے عوام کے دل جیتے
آپ کی نگرانی میں پہلی بار لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں صفائی کے شاندار انتظامات کئے گئے:میاں محمودالرشید
سیاسی و انتظامی ٹیم نے ڈلیور کیا،ڈاکٹر یاسمین راشد، صفائی انتظامات کو پنجاب خصوصا لاہور کے شہریوں نے سراہا،مراد راس
سابق حکومت اربوں لگا کر صفائی کراتی تھی، ہماری حکومت نے ماضی کی نسبت صرف ایک چوتھائی رقم سے صفائی کے بہترین انتظامات کئے:فردوس عاشق
عیدالاضحی پر سوا دولاکھ ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے،اچھے کام پر افسروں کی تحسین بہترین اقدام :
عیدالاضحی اور عید تعطیلات کے دوران صفائی کے شاندار انتظامات کے حوالے سے بزدار حکومت بازی لے گئی۔ وزیراعلیٰ آفس میں عیدالاضحی اور عید تعطیلات کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں حسن کارکردگی سر ٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تھے۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے عیدالاضحی پر صفائی مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پہلے، بہاولپور دوسرے اور سیالکوٹ تیسرے نمبر پر رہی جبکہ بلدیاتی اداروں میں گجرات پہلے اور اوکاڑہ دوسرے نمبر پررہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل، کمشنرز بہاولپور، ملتان اورلاہور کو حسن کارکردگی کے سرٹیفکیٹ دیئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سی ای او رافیعہ حیدر کو سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا گیا۔ سیالکوٹ اور بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای او ز خالد جاوید اور نعیم اختر کو بھی سرٹیفکیٹ ملا۔لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی ڈی جی کوثر خان اور پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کی سیکرٹری سائرہ عمر کو بھی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ گجرات، اوکاڑہ اورسیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنرز مہتاب وسیم اظہر، علی اعجاز اور طاہر فاروق کو بھی سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔میونسپل کارپوریشنز اوکاڑہ، گجرات اور بورے والا کے چیف آفیسر ز ارحم نذیر، قمر ذیشان اور اکرم واہلہ کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن لوکل گورنمنٹ واجد علی شاہ، مینجر ایم آئی ایس لوکل گورنمنٹ نثار احمد اور سیکشن افسر(کمپنیز)اسلم ندیم اور سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹر یٹر محمد عدنان کو سر ٹیفکیٹس دیئے گئے۔ مینجر آئی ٹی عابد علی،پی ایس او سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آصف اسد،پی ایس اوصوبائی وزیر بلدیات انجم حفیظ، سوشل میڈیا فوکل پرسن صوبائی وزیر بلدیات وقاص امجد اور پی آراو لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ارم کو عمدہ کارکردگی پر سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی پر بروقت اوربہترین صفائی کے انتظامات پر سیاسی اور انتظامی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ بہتر ین کارکردگی سے عوام کا اعتماد حاصل ہوتا ہے اور حکومت کو نیک نامی ملتی ہے۔ عوامی خدمت کرنے والے افسر وں کی بھرپور سپورٹ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن نہیں، اب ہر روز کام کر کے دکھانا
ہے۔ عوام کی خدمت کریں، یہ ڈیوٹی ہی نہیں کارثواب بھی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عید الاضحی پر میری سیاسی اور انتظامی ٹیم نے کام کر کے دکھایااور تحسین پائی۔ اچھی کارکردگی پر متعلقہ افسروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ رواں برس عیدالاضحی پر آپ سب نے اپنی محنت سے عوام کے دل جیتے۔ عوام کی خدمت میں سکون بھی ملتا ہے اور فرض کی ادائیگی بھی ہوتی ہے۔ لاہور میں صوبائی وزراء اور انتظامی ٹیم نے دن رات محنت کر کے صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بھی دن رات ایک کئے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں جا کر دورے کے دوران صفائی اور دیگر امور کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں محمودالرشید نے کہا کہ آپ کی نگرانی میں عیدالاضحی پر سب نے بہترین کارکردگی دکھائی اور پہلی بار لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں صفائی کے ایسے شاندار انتظامات کئے گئے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ آپ کی سربراہی میں سیاسی و انتظامی ٹیم نے ڈلیور کیا اور عوام نے بھی تعریف کی۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ صفائی کے انتظامات کو پنجاب خصوصا لاہور کے شہریوں نے سراہا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ ہمارے کپتان ہیں اور آپ کی ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ سابق حکومت اربوں روپے لگا کر صفائی کراتی تھی جبکہ ہماری حکومت نے ماضی کی نسبت صرف ایک چوتھائی رقم سے صفائی کے بہترین انتظامات کئے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل نے بتایا کہ عیدالاضحی پر سوا دولاکھ ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے کام پر افسروں کی تحسین آپ کا بہترین اقدام ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات میا ں محمود الرشید، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ طاہر خورشید، سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل اور متعلقہ افسران نے تقریب میں شرکت کی۔
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ پنجاب لاہور فون نمبر 99201390
ہینڈ آؤ ٹ نمبر1222
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت کی ایک اور بڑی کامیابی،محکمہ معدنیات نے تاریخ میں پہلی بار 10.19 ارب روپے کی وصولیاں کیں
لاہور31 جولائی: وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مالی سال 2020-21 میں محکمہ معدنیات نے رائلٹی کی مد میں ریکارڈ وصولیاں کیں۔محکمہ معدنیات نے گزشتہ مالی سال صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 10.19 ارب روپے کی وصولیاں کیں جبکہ ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 58 کروڑ روپے وصول ہوئے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہماری حکومت نے ہر محکمے کو کام کرنے کی آزادی دی ہے۔محکمہ معدنیات سمیت ہر محکمے کے وزیر اور سیکرٹری کو بااختیار بنایا ہے۔محکموں کے آزادی سے کام کرنے سے ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ون مین شو کے ذریعے محکموں کی آزادی سلب کی گئی اور ہر جگہ مداخلت کرکے محکموں اور اداروں کو تباہ کیا گیا۔
لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارشیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا جلد نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی کیلئے موثر مینجمنٹ کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں متعلقہ ڈویژن کے کمشنرز اور واسا حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تما م ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واسا حکام اور انتظامی افسران نکاسی آب کے کام کو اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں۔ پانی نکالنے کے لئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور موثر ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے ٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے۔شہریوں کو ٹریفک کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ نکاسی آب کو ٹائم لائن کے اندر مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔