پنجاب کابینہ کے اہم فیصلے، متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

تحریر: محمد یٰسین ظفر

پنجاب میں 5 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کا منصوبہ، پولیس کو اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی الیکٹرک گاڑیاں دینے کی منظوری

مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کے 38ویں اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، صحت، آبپاشی، پولیس، تعلیم اور تاریخی ورثے کے لیے اہم فیصلے

پنجاب حکومت نے صوبے میں عوامی سہولتوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 38ویں اجلاس میں پانچ ہزار الیکٹروبسیں چلانے کے منصوبے، پنجاب پولیس کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے، صحت اور عدلیہ کے اداروں کے لیے اضافی فنڈز مختص کرنے اور آبپاشی کے منصوبوں کو فعال رکھنے سمیت متعدد فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے لیے مالی سال 2026-27 کے دوران 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ اور سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی ہنگامی بحالی، نہروں کی بھل صفائی اور لفٹ ایریگیشن اسکیموں کو فعال رکھنے کے لیے 9 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

ٹرانسپورٹ اور پولیس میں نئی ٹیکنالوجی

کابینہ نے پنجاب میں پانچ ہزار الیکٹروبسیں چلانے کے منصوبے پر پیش رفت کے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے 50 اے آئی بیسڈ الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ پولیس کو اس نوعیت کی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں مری پولیس کے لیے 10 نئی آپریشنل گاڑیاں خریدنے، ٹوٹے پھوٹے بس اسٹینڈز کی فوری مرمت کے لیے فنڈز مختص کرنے اور محکمہ جیل خانہ جات میں 3,080 آسامیوں پر بھرتی کی منظوری بھی دی گئی۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی مختلف آسامیوں پر بھرتی کی بھی اجازت دی گئی، جبکہ محفوظ جیلیں پنجاب منصوبے کے لیے اضافی فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آبپاشی، سیلابی بحالی اور ترقیاتی منصوبے

کابینہ نے آبپاشی کے شعبے کے لیے 9 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کی، جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی ہنگامی بحالی، نہروں کی بھل صفائی اور لفٹ ایریگیشن اسکیموں کو فعال رکھنا ہے۔اجلاس میں مختلف اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ ڈیرہ غازی خان کے 62، مظفر گڑھ کے 27 اور اوکاڑہ کے دو منصوبے پروگرام کا حصہ بنائے گئے۔ راولپنڈی کی سڑکوں سے متعلق ترقیاتی اسکیم کے نام میں تبدیلی اور ضلعی لیبر دفاتر کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کے منصوبے میں تصحیح کی منظوری بھی دی گئی۔ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سالانہ بجٹ تخمینے اور کامن فیسیلٹی سینٹر فنانسنگ پراجیکٹ کے تحت اخراجات کی واپسی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔

صحت، تعلیم اور عدالتی اداروں کے لیے فنڈز

صحت کے شعبے میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے لیے 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز مختص کرنے کی منظوری اجلاس کے اہم فیصلوں میں شامل تھی۔ عدالتی شعبے کے لیے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور کو 50 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے اور عدلیہ کی نئی ترقیاتی اسکیموں کے لیے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔تعلیم کے شعبے میں کنیئرڈ کالج برائے خواتین لاہور کی طالبات کو 450 لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی رولز 2026 کی بھی منظوری دی گئی۔

تاریخی ورثے کا تحفظ اور صنعتی ترقی

کابینہ نے راولپنڈی کے قدیم شہر کی تاریخی عمارتوں اور بازاروں کو محفوظ ورثہ قرار دینے کی منظوری دی۔ لاہور میں کامران بارہ دری کی بحالی کا منصوبہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور سے محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کو منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔صنعتی ترقی کے حوالے سے قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ اراضی شامل کرکے توسیع کی منظوری دی گئی۔ ضلع خوشاب کے علاقے داؤال میں نئے سیمنٹ پلانٹ کے قیام کے لیے این او سی جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ تاہم ممنوعہ علاقوں میں سیمنٹ پلانٹس کے قیام اور موجودہ پلانٹس کی توسیع پر پابندیوں کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ نے ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔کابینہ نے پنجاب ٹیکسٹائل کمپلائنس اینڈ سرٹیفکیشن پروگرام کے تحت سرٹیفکیشن سبسڈی کے طریقہ کار، مصنوعات اور خام مال کی جانچ کے لیے سبسڈی پروگرام، کمالیہ اور جھنگ کی لیبر کالونیوں کی مرمت و بحالی اور منڈی ٹاؤن بھکر میں ٹی ڈی اے کوارٹرز کی الاٹمنٹس کے تصفیے سے متعلق پالیسی فریم ورک کی بھی منظوری دی۔

عوامی خدمت اور انتظامی کارکردگی پر وزیراعلیٰ کی ہدایات

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت کے منصوبوں میں کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ڈھائی لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے، جبکہ ان کامیابیوں کا کریڈٹ کابینہ کے وزرا، مشیروں اور معاونینِ خصوصی کو بھی جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک کامیابی کا معیار یہ ہے کہ ہر آنے والا دن پہلے سے بہتر ہو۔ وزیراعلیٰ نے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں حکام کو خود نظر آنی چاہییں اور ان کی مرمت کے لیے کسی شکایت کا انتظار نہیں ہونا چاہیے۔میم نواز نے سکھ یاتریوں کو پنجاب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ سر پر سامان اٹھائے یاتریوں کو دیکھ کر فوری طور پر ٹرالی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے اجلاس کو بتایا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ یاتریوں نے مٹھائی بھجوانے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر خوراک سلمیٰ بٹ کو آٹے کے نرخ میں کمی کا ہدف دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں کابینہ ارکان نے وزیراعلیٰ کے مختلف شہروں کے دوروں اور وہاں عوامی ردعمل کو سراہا۔ صوبائی وزرا منشا اللہ بٹ اور مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دیگر انتظامی اور قانونی فیصلے

کابینہ نے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کے قواعد و ضوابط، پنجاب موٹر وہیکل ٹرانزیکشنز لائسنس رولز 2015 میں ترمیم اور مجوزہ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی پنجاب بل 2026 کی منظوری دی۔پنجاب پولیس کے ترقی کے ذریعے تقرری سے متعلق سروس رولز اور پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ایف آئی آر کی پرنٹنگ سے متعلق پولیس رولز 1934 میں ترامیم بھی منظور کی گئیں۔ اس کے علاوہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ایکٹ 2007، محکمہ قانون کے مینوئل اور محکمہ اوقاف کے ملازمین کے سروس رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کے اجلاس میں متعدد دیگر مالی، انتظامی اور ترقیاتی امور بھی زیر غور آئے اور ان سے متعلق فیصلے کیے گئے۔

متعلقہ خبریں