کراچی میں ایک سال سے کوئی پولیو کیس سامنے نہیں آیا پولیو وائرس بھی نہیں ملا: کمشنر کراچی اقبال میمن

عالمی ادارہ صحت اور یونیسف اور میلنڈااینڈ بل گیٹس فاﺅ نڈیشن کے عالمی نمائندوں کی کراچی آمد، کمشنر کراچی سے ملاقات

کراچی (نمائندہ خصوصی ) عالمی ادارہ صحت ایسٹرن میڈیٹرین ریجن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حامدجعفری اور میلنڈا اینڈ بل گیٹس فاﺅ نڈیشن پولیو پروگرام اسٹریٹجی اینڈ امپلی مینٹیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر مائیکل گالوے نےجمعرات کو کمشنر کراچی محمد اقبال میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر یونیسف پاکستان کی ڈپٹی ٹیم لیڈرڈاکٹر ملیحہ عبد القادر، عالمی ادارہ صحت کے اسلام آباد میں نمائندے ڈاکٹر زین العابدین، ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینٹر فیاض عباسی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاﺅ نڈیشن کے کراچی میں نمائندے ڈاکڑ احمدعلی شیخ بھی مو جو د تھے۔ کمشنر نے وفد کو بتا یا کہ انسداد پولیو کی کوششوں کے حوالہ سے یہ خوش آئند بات ہے کہ کراچی میں ماحولیاتی سروے میں چھ ماہ سے پولیو وائرس نہیں ملا اور کراچی انتظامیہ اور ایمر جنسی آپریشن سینٹر کی مشترکہ کوششوں اور عالمی پارٹنرز کی رہنمائی کے نتیجے میں گذشتہ ایک سال سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا عزم ہے کہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کی کوششیں جلد بار آور ہوں جس کے لئے حکومت جدوجہد جاری رکھے گی انھوں نے کہا کہ کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم میں اپنا کردار بھرپور طور پر اسی طرح ادا کر تے رہیں گے۔ وفد نے کہا کہ انسداد پولیو کے لئے کراچی کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے تاہم انتظامیہ اور ایمر جنسی آپریشن سینٹر کی مربوط کوششوں نے ان چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا ہے انھوں نے کہا کہ کراچی میں پولیو کے قطرے پلانے کی کوششیں ہر طرح سے عالمی معیار کی تھیں۔ انھوں نے پولیو کے خاتمہ کی کوششوں میں کراچی انتظامیہ اور تمام ڈپٹی کمشنرز کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کو جاری رکھی جائے گی۔

متعلقہ خبریں