لکسمبرگ میں مقامی حکومتوں کا نظام

تحریر: ڈاکٹرمحمد بلال ظفر

وسائل کے مؤثر استعمال اور علاقائی ترقی کے لیے بین البلدیاتی تعاون کا بہترین ماڈل

یورپ کے چھوٹے مگر انتہائی ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہونے والا لکسمبرگ نہ صرف اپنی مضبوط معیشت بلکہ مؤثر انتظامی نظام کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ اس ملک کا مقامی حکومتوں کا نظام شہری خدمات کی فراہمی، مقامی ترقی اور عوامی نمائندگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اگرچہ لکسمبرگ کا رقبہ اور آبادی نسبتاً کم ہےلیکن فی کس آمدن یورپ میں سب سے زیادہ ہے، تاہم یہاں بلدیاتی اداروں کو واضح اختیارات اور ذمہ داریاں دی گئی ہیں، جس کے باعث مقامی سطح پر فیصلہ سازی اور عوامی خدمات کی فراہمی موثر انداز میں ممکن ہوتی ہے۔مقامی حکومتوں کے اس نظام کی بنیاد مقامی جمہوریت، انتظامی شفافیت اور شہریوں کی شرکت پر رکھی گئی ہے۔

تاریخی پس منظر

لکسمبرگ میں مقامی حکومت کے نظام کی جڑیں قرونِ وسطیٰ تک جاتی ہیں۔ اس دور میں یورپ کے دیگر علاقوں کی طرح یہاں بھی مختلف قصبوں اور بستیوں کو محدود انتظامی اختیارات حاصل تھے۔ ان علاقوں میں مقامی امور زیادہ تر مقامی حکمرانوں، جاگیرداروں یا مذہبی اداروں کی نگرانی میں چلائے جاتے تھے۔ تاہم تجارتی سرگرمیوں اور شہری مراکز کی ترقی کے ساتھ ساتھ بعض قصبوں کو مخصوص انتظامی مراعات بھی حاصل ہونے لگیں۔انیسویں صدی میں یورپ بھر میں سیاسی اور انتظامی اصلاحات کا ایک سلسلہ شروع ہوا جس کا اثر لکسمبرگ پر بھی پڑا۔ 1843 کا میونسپل قانون (Municipal Law) اس حوالے سے ایک اہم سنگِ میل تھا۔ اس قانون کے تحت پہلی مرتبہ کمیونز کو واضح قانونی حیثیت دی گئی اور مقامی کونسلوں کے قیام، میئر کے اختیارات اور بلدیاتی انتظام کے بنیادی اصول متعین کیے گئے۔ اس قانون نے جدید بلدیاتی نظام کی بنیاد رکھی اور مقامی حکومتوں کو شہری خدمات کی فراہمی میں اہم کردار دیا۔ بیسویں صدی میں صنعتی ترقی، شہری آبادی میں اضافے اور جدید شہری ضروریات کے باعث مقامی حکومتوں کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوا۔ مختلف انتظامی اصلاحات کے ذریعے بلدیاتی اداروں کو مزید منظم اور مؤثر بنایا گیا۔ حالیہ برسوں میں انتظامی سادگی کے لیے 2015 میں اضلاع (Districts) کا نظام ختم کر دیا گیا، جس کے بعد ملک کی انتظامی تقسیم مزید واضح ہو گئی ۔

مقامی حکومتوں کا انتظامی ڈھانچہ

لکسمبرگ کا لوکل گورنمنٹ سسٹم بنیادی طور پر دو اہم سطحوں پر مشتمل ہے:

  1. کینٹنز (Cantons)
  2. کمیونز (Communes)

کینٹنز زیادہ تر جغرافیائی اور انتظامی تقسیم کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ کمیونز مقامی حکومت کی حقیقی اور فعال اکائی ہیں۔

کینٹنز (Cantons)

لکسمبرگ میں مجموعی طور پر 12 کینٹنز موجود ہیں جو تاریخی طور پر انتظامی اور علاقائی تقسیم کے اہم مراکز رہے ہیں۔ اگرچہ موجودہ دور میں ان کا عملی کردار نسبتاً محدود ہو چکا ہے، تاہم یہ اب بھی مختلف انتظامی اور شماریاتی مقاصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ان کینٹنز میں Capellen، Clervaux، Diekirch، Echternach، Esch-sur-Alzette، Grevenmacher، Luxembourg، Mersch، Redange، Remich، Vianden اور Wiltz شامل ہیں۔ بنیادی طور پر کینٹنز کو انتظامی اور جغرافیائی تقسیم کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور یہ عدالتی و سرکاری اداروں کے دائرہ اختیار کی حد بندی، قومی شماریات اور منصوبہ بندی، نیز بعض علاقائی سطح کی سرکاری خدمات کی تنظیم میں معاون کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ کینٹنز کے پاس براہ راست بلدیاتی اختیارات نہیں ہوتے اور نہ ہی یہ شہری خدمات کی فراہمی کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

کمیونز (Communes)

لکسمبرگ میں کمیونز مقامی حکومت کی بنیادی اور سب سے اہم اکائی ہیں۔ ملک میں تقریباً 102 کے قریب کمیونز موجود ہیں جو شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں بلدیاتی خدمات فراہم کرتی ہیں۔ہر کمیون میں ایک منتخب بلدیاتی کونسل (Municipal Council) ہوتی ہے۔ اس کے ارکان کا انتخاب براہِ راست عوام کے ووٹ سے کیا جاتا ہے۔ کونسل کے ارکان کی تعداد کمیون کی آبادی کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔ بلدیاتی کونسل کا سربراہ میئر (Mayor) ہوتا ہے جو مقامی انتظامیہ کی قیادت کرتا ہے۔ میئر کے ساتھ ایک انتظامی ٹیم بھی ہوتی ہے جسے بورڈ آف ایلڈر مین کہا جاتا ہے۔لکسمبرگ میں کمیونز شہریوں کی روزمرہ زندگی سے متعلق متعدد اہم خدمات فراہم کرتی ہیں اور ان کی ذمہ داریاں کئی شعبوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ ان میں شہری منصوبہ بندی اور مقامی ترقی ایک اہم شعبہ ہے جس کے تحت زمین کے استعمال کی منصوبہ بندی، رہائشی اور تجارتی منصوبوں کی منظوری، مقامی ترقیاتی منصوبوں کی تیاری اور شہری ماحول کی بہتری شامل ہیں۔ اسی طرح بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی بھی کمیونز کی اہم ذمہ داری ہے، جس میں مقامی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، فٹ پاتھوں اور پلوں کی دیکھ بھال اور عوامی مقامات و پارکوں کی نگہداشت شامل ہوتی ہے۔ پانی اور صفائی کے شعبے میں کمیونز پینے کے پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کے انتظام اور کچرے کے انتظام و ری سائیکلنگ کے نظام کو منظم کرتی ہیں۔ تعلیم کے میدان میں کمیونز ابتدائی اسکولوں کی عمارتوں کی دیکھ بھال اور بنیادی تعلیمی سہولتوں کی فراہمی میں کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ سماجی اور ثقافتی خدمات کے تحت کمیونٹی سینٹرز، کھیلوں کے میدان اور تفریحی مقامات قائم کیے جاتے ہیں اور مختلف ثقافتی سرگرمیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ کمیونز شہری انتظامی خدمات بھی فراہم کرتی ہیں جن میں رہائشی رجسٹریشن، بلدیاتی اجازت ناموں کا اجرا اور شہری دستاویزات و سرٹیفکیٹس کی فراہمی شامل ہے۔

شہروں (Cities) کی حیثیت

لکسمبرگ میں بعض کمیونز کو شہر کا درجہ دیا گیا ہے جو عموماً تاریخی، اقتصادی یا شہری اہمیت کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ ملک میں تقریباً 12 مقامات کو شہر کا درجہ حاصل ہے جن میں نمایاں طور پر Luxembourg City، Esch-sur-Alzette، Differdange، Dudelange، Diekirch، Echternach، Grevenmacher، Remich، Wiltz اور Vianden شامل ہیں۔ تاہم ایک اہم حقیقت یہ ہے کہ یہ شہر دراصل کمیونز ہی ہوتے ہیں اور ان کی قانونی اور انتظامی ساخت دیگر کمیونز جیسی ہی ہوتی ہے۔ فرق بنیادی طور پر شہری آبادی کے حجم، اقتصادی سرگرمیوں کی سطح اور تاریخی اہمیت کی وجہ سے ہوتا ہے۔ بڑے شہروں میں شہری منصوبہ بندی، اقتصادی سرگرمیوں کے انتظام اور ٹرانسپورٹ جیسے معاملات کے حوالے سے نسبتاً زیادہ وسیع انتظامی ذمہ داریاں بھی ہو سکتی ہیں۔

بین البلدیاتی تعاون

لکسمبرگ میں مقامی حکومت کے نظام کی ایک اہم خصوصیت بین البلدیاتی تعاون ہے، جس کے تحت مختلف کمیونز مشترکہ طور پر بعض عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے ادارے یا انتظامی ڈھانچے قائم کرتی ہیں۔ چونکہ ملک میں کمیونز کی تعداد نسبتاً زیادہ اور ان میں سے کئی آبادی اور وسائل کے لحاظ سے چھوٹی ہیں، اس لیے بعض خدمات کو انفرادی طور پر فراہم کرنا مشکل یا مہنگا ہو سکتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے متعدد کمیونز مل کر مشترکہ انتظامی ادارے بناتی ہیں جنہیں عموماً بین البلدیاتی یونینز یا تعاون کے ادارے کہا جاتا ہے۔ لکسمبرگ میں اس نوعیت کے درجنوں مشترکہ ادارے مختلف شعبوں میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ ان کے ذریعے خاص طور پر کچرے کے انتظام اور ری سائیکلنگ کے مشترکہ نظام چلائے جاتے ہیں، جن میں کئی کمیونز مل کر فضلہ جمع کرنے، اسے الگ کرنے اور ماحول دوست طریقوں سے تلف کرنے کا انتظام کرتی ہیں۔ اسی طرح پانی کی فراہمی اور سیوریج کے بعض بڑے منصوبے بھی مشترکہ طور پر چلائے جاتے ہیں تاکہ پانی کے وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہو اور اخراجات میں کمی آئے۔ اس کے علاوہ علاقائی سطح پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کچھ منصوبے بھی کمیونز کے تعاون سے چلائے جاتے ہیں تاکہ قریبی علاقوں کے درمیان آمد و رفت کو آسان بنایا جا سکے۔ اس نوعیت کے تعاون سے نہ صرف مالی وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوتا ہے بلکہ چھوٹے بلدیاتی ادارے بھی بڑی اور تکنیکی نوعیت کی خدمات فراہم کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ نتیجتاً شہریوں کو بہتر معیار کی خدمات ملتی ہیں اور مختلف علاقوں میں ترقی اور سہولتوں کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

مقامی حکومتوں کا مالیاتی نظام

کمیونز کی آمدنی مختلف ذرائع سے حاصل ہوتی ہے جن میں مقامی ٹیکس، جائیداد ٹیکس، بلدیاتی خدمات کی فیسیں اور مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی گرانٹس شامل ہیں۔ یہ مالی وسائل مقامی حکومتوں کو اپنی انتظامی اور ترقیاتی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کم وسائل رکھنے والی کمیونز کو اضافی مالی معاونت بھی فراہم کرتی ہے تاکہ ملک کے مختلف علاقوں میں شہری خدمات کی فراہمی کا معیار متوازن اور یکساں برقرار رکھا جا سکے۔

مقامی جمہوریت اور شہریوں کی شرکت

لکسمبرگ میں بلدیاتی انتخابات ہر چھ سال بعد منعقد ہوتے ہیں۔ شہری براہِ راست بلدیاتی کونسل کے ارکان کو منتخب کرتے ہیں۔ مقامی حکومت کا نظام شہریوں کی شرکت کو فروغ دیتا ہے اور اکثر بلدیاتی فیصلے عوامی مشاورت کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔اس نظام کی بدولت مقامی سطح پر عوامی نمائندگی اور شفافیت کو مضبوط بنایا گیا ہے۔

پاکستان کے لیے قابلِ عمل اسباق

لکسمبرگ کا مقامی حکومت کا نظام کئی حوالوں سے پاکستان کے لیے اہم اسباق فراہم کرتا ہے۔ سب سے پہلا اہم سبق یہ ہے کہ مقامی حکومتوں کو مضبوط قانونی و آئینی تحفظ فراہم کیا جائے۔ بلدیاتی اداروں کوآئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت واضح آئینی اور قانونی حیثیت دینا ضروری ہے تاکہ وہ سیاسی تبدیلیوں یا حکومتی اتار چڑھاؤ سے متاثر نہ ہوں اور ان کا تسلسل برقرار رہے۔ دوسرا اہم سبق مالیاتی خودمختاری کا ہے۔ مقامی حکومتوں کو اپنے وسائل پیدا کرنے اور انہیں استعمال کرنے کا اختیار دینا چاہیے تاکہ وہ مقامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبے شروع کر سکیں اور شہری خدمات کو بہتر بنا سکیں۔ تیسرا سبق شہری منصوبہ بندی میں مقامی کردار کو مضبوط بنانے سے متعلق ہے۔ شہری ترقی، زمین کے استعمال اور مقامی انفراسٹرکچر کے فیصلوں میں بلدیاتی اداروں کو مرکزی کردار دینا مؤثر شہری نظم و نسق کے لیے ضروری ہے۔ چوتھا سبق بین البلدیاتی یا مشترکہ بلدیاتی تعاون کا ہے، جس کے تحت قریبی بلدیاتی ادارے بعض خدمات اور منصوبوں کو مشترکہ طور پر چلا سکتے ہیں، خاص طور پر کچرے کے انتظام، پانی کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ جیسے شعبوں میں۔ پانچواں اور اہم سبق بلدیاتی نظام کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے، جس کے لیے ضروری ہے کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات باقاعدگی سے اور مقررہ وقت پر منعقد کیے جائیں تاکہ جمہوری عمل نچلی سطح تک مضبوط ہو اور عوامی نمائندگی برقرار رہے۔

لکسمبرگ میں بعض کمیونز کو شہر کا درجہ دیا گیا ہے جو عموماً تاریخی، اقتصادی یا شہری اہمیت کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔

بین البلدیاتی تعاون کے تحت مختلف کمیونز مشترکہ طور پر بعض عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے ادارے یا انتظامی ڈھانچے قائم کرتی ہیں۔
مقامی حکومت کا نظام شہریوں کی شرکت کو فروغ دیتا ہے اور اکثر بلدیاتی فیصلے عوامی مشاورت کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں