اسلام آباد میں تین بلدیاتی کونسلز پرمشتمل لوکل گورنمنٹ سسٹم لانے کی منظوری، ہر کونسل کا اپنا میئر ہوگا
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وفاقی دارالحکومت کے لیے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اسلام آباد کو تین الگ بلدیاتی کونسلز میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر کونسل کی سربراہی ایک میئر کرے گا۔
مجوزہ نظام کے تحت ہر بلدیاتی کونسل 21 ارکان پر مشتمل ہوگی، جبکہ جنرل کونسلز میں خواتین اور اقلیتوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی تاکہ مختلف طبقات کی مقامی حکومت میں شرکت یقینی بنائی جا سکے۔
اسلام آباد لوکل گورنمنٹ بل کو جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں غور اور منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی کی منظوری کے بعد بل کو باضابطہ منظوری اور قانون سازی کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
مجوزہ نظام کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں مقامی حکومت کے ڈھانچے کو ازسرنو منظم کرنا اور منتخب بلدیاتی کونسلز کے ذریعے شہری و بلدیاتی خدمات سمیت دیگر مقامی امور کی نگرانی یقینی بنانا ہے۔