کراچی: شہر میں گراس روٹ کرکٹ کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت و تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹاؤن پریمیئر لیگ کا آغاز کر دیا گیا۔ لیگ کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر بلدیات اور لیگ کے پیٹرن اِن چیف ناصر حسین شاہ تھے۔
ٹی پی ایل ٹیپ بال لیگ میں مجموعی طور پر 26 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں کراچی کے 25 ٹاؤنز کی ایک، ایک ٹیم جبکہ ایک ٹیم میئر کراچی کی شامل ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ٹی پی ایل کی سافٹ لانچنگ باقاعدہ طور پر لیگ کے سفر کے آغاز کی علامت ہے۔ انہوں نے کھیلوں کی مثبت طاقت کے ذریعے کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے پر ٹی پی ایل کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
انہوں نے تمام ٹاؤنز کو لیگ میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے منتظمین کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹی پی ایل کا مقصد کراچی کے نوجوانوں میں احساسِ شمولیت، بنیادی سطح پر کرکٹ، مقامی صلاحیتوں، صحت مند مقابلے، اسپورٹس مین شپ اور کمیونٹی کی شرکت کو فروغ دینا ہے۔
ناصر حسین شاہ کے مطابق ٹی پی ایل کا انعقاد سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کی منظوری اور تعاون سے کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے کراچی کے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری مواقع فراہم کرنا مقصد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹی پی ایل مکمل طور پر ایک غیر سیاسی اسپورٹس اقدام ہے، جس میں کھیل، نوجوانوں، اتحاد اور کمیونٹی کی شمولیت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام 25 ٹاؤنز لیگ کے منتظمین کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں، جبکہ لیگ کے ذریعے مقامی نوجوانوں کو اپنے اپنے ٹاؤنز کی نمائندگی کا زیادہ سے زیادہ موقع ملے گا۔
تقریب کے دوران ٹی پی ایل کے میچز کے لیے آفیشل پول ڈرا بھی کیا گیا، جس میں ٹاؤنز اور ان کی ٹیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر لیگ کا تعارف، ٹرافی کی رونمائی، آفیشل نغمے اور ٹیموں کی جرسیوں کی رونمائی بھی کی گئی۔