کراچی میں پارکوں اور عوامی کھیل کے میدانوں کی کمرشلائزیشن، کھیلوں کی سہولیات شہریوں کی پہنچ سے دور

کراچی: شہر بھر میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز (ٹی ایم سیز) کے زیر انتظام عوامی کھیل کے میدانوں اور پارکوں کو نجی شعبے کے حوالے کرکے فیس کے عوض کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث خصوصاً کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے کھیل کے مواقع محدود ہوتے جا رہے ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں عوامی کھیل کے میدانوں اور پارکوں کو نجی آپریٹرز کے حوالے کیا گیا ہے، جہاں کرکٹ، فٹسال، پیڈل اور دیگر کھیلوں کے لیے فی گھنٹہ یا میچ کے حساب سے ہزاروں روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ اس صورتحال نے عوامی مقامات کے بنیادی مقصد اور شہریوں کے لیے ان کی بلا معاوضہ دستیابی پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

کورنگی کے ایک علاقے میں تقریباً ایک کلومیٹر کے دائرے میں چار کھیل کے میدان موجود ہیں، تاہم مقامی بچوں کو ان سے آزادانہ فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں مل رہا۔ ان میں سے متعدد میدان تجارتی بنیادوں پر چلائے جا رہے ہیں اور کھیلنے کے خواہش مند افراد کو نجی آپریٹرز کو فیس ادا کرنا پڑتی ہے۔

مختلف اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کے لیے وصول کیے جانے والے نرخ بھی خاصے زیادہ ہیں۔ ضلع کورنگی میں راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی اور عیدگاہ گراؤنڈ میں تین گھنٹے کے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے 6 ہزار روپے وصول کیے جاتے ہیں، جبکہ جنریٹر کے ذریعے روشنی فراہم کرنے کے باعث رات کے میچ کا فی گھنٹہ کرایہ تقریباً 5 ہزار روپے ہے۔ راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی میں انڈور کرکٹ اور فٹسال کی سہولت کے لیے 3 ہزار روپے فی گھنٹہ مقرر ہیں۔

ضلع جنوبی کے عمر شریف پارک میں آٹھ پیڈل کورٹس قائم ہیں، جن میں دو بین الاقوامی معیار کے ہیں۔ یہاں فی کورٹ فی گھنٹہ 6 ہزار سے 10 ہزار روپے وصول کیے جاتے ہیں، جبکہ پکل بال کے لیے 3 ہزار 500 اور فٹسال کے 45 منٹ کے سیشن کے لیے 4 ہزار روپے فیس مقرر ہے۔

ضلع شرقی کے ہل پارک میں قائم ہل ٹاپ اسپورٹس ایرینا میں انڈور کرکٹ اور فٹسال کے لیے 4 ہزار روپے فی گھنٹہ وصول کیے جاتے ہیں، جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو یہ نرخ ایک ہزار روپے مزید بڑھ جاتے ہیں۔

ضلع وسطی کے ناظم آباد میں انو بھائی کرکٹ گراؤنڈ نجی ٹھیکیدار کے زیر انتظام ہے، جہاں دن کے وقت چھ گھنٹے کی بکنگ تقریباً 60 ہزار روپے میں ہوتی ہے، جبکہ اتوار اور رات کے میچوں کے لیے یہ رقم 70 ہزار روپے تک پہنچ جاتی ہے۔ ناظم آباد نمبر 2 کے منی اسپورٹس کمپلیکس میں فٹسال کے لیے 2 ہزار 500 روپے فی گھنٹہ وصول کیے جاتے ہیں۔

گلستان ِ جوہر بلاک 14 میں کے ڈی آفیسرزایسوسی ایشن کے نام سے کے ڈی اے کے کچھ افسران ایک پارک کی جگہ پہ قبضہ کرکےکمرشل بنیادوں پہ جم، پیڈل کورٹ اور دیگر کئی قسم کی کھیلوں کی سہولیات مہیا کرکے ماہانہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔

ضلع ملیر کے بلوچ مجاہد فٹبال گراؤنڈ میں دن کے وقت میچ کے لیے 12 ہزار روپے تک فیس وصول کی جاتی ہے، جبکہ رات کے میچ کے اخراجات جنریٹر اور ایندھن کے باعث 30 ہزار روپے سے تجاوز کر جاتے ہیں۔

کورنگی میں نوجوانوں کی تنظیم ٹیم مہاجر پاکستان کی یوتھ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری حذیفہ قریشی نے کہا کہ عوامی کھیل کے میدان یا تو خستہ حالی کا شکار ہیں یا نجی اداروں کے حوالے کردیے گئے ہیں، جس کے باعث عام شہریوں کے لیے سستی اور قابل رسائی کھیلوں کی سہولیات کم ہوتی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرکے انہیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھا جا سکتا ہے، خصوصاً منشیات کے استعمال جیسے مسائل سے دوچار نوجوانوں کو صحت مند تفریح کی طرف راغب کرنے میں کھیل اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب رہائش پذیر ایک شہری نے سوال اٹھایا کہ اگر علاقے کے بچے ہی عوامی میدان میں نہیں کھیل سکتے تو اسے تعمیر کرنے کا مقصد کیا ہے؟ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی میدانوں کو نجی مفادات کے بجائے مقامی آبادی کی ضروریات کے مطابق استعمال کیا جائے۔

پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے ایک سابق کھلاڑی نے عوامی کھیلوں کی سہولیات کے استعمال پر فیس وصول کرنے کے عمل کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے کھلاڑی متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے لیے بھاری فیس ادا کرنا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق کھیل کے میدانوں کی دیکھ بھال کے اخراجات سرکاری اداروں کو برداشت کرنے چاہئیں، نہ کہ انہیں نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کرکے شہریوں پر مالی بوجھ ڈال دیا جائے۔

ضلع جنوبی میں عمر شریف پارک کے قریب رہنے والی ایک خاتون نے بھی پارکوں کے انتظامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مقامات کو چند افراد کے منافع کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ ہل پارک میں ایک خاندان نے شکایت کی کہ کھیلوں کے لیے مختص تجارتی حصے روشن ہیں، جبکہ پارک کے دیگر تفریحی حصے اندھیرے میں ڈوبے رہتے ہیں، جو انتظامی ترجیحات میں عدم توازن ظاہر کرتا ہے۔

عیدگاہ گراؤنڈ میں ایک گارڈ کو بچوں کو کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے اندر جانے سے روکتے اور ڈانٹتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ گارڈ کے مطابق ٹاؤن چیئرمین نے بچوں کے داخلے کی اجازت نہیں دی، جبکہ عوام کو صرف شام 5 سے 7 بجے تک واک کے لیے میدان میں داخل ہونے دیا جاتا ہے۔

کورنگی ٹاؤن کے چیئرمین نعیم شیخ نے بتایا کہ عیدگاہ گراؤنڈ ہفتے میں چار دن، پیر سے جمعرات تک، نجی پارٹی کے حوالے کیا گیا ہے، جبکہ جمعہ سے اتوار تک عوام درخواست دے کر میدان استعمال کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس انتظام سے گراؤنڈ کی دیکھ بھال بہتر ہوئی ہے اور گزشتہ دو برس سے اس کی حالت اچھی رہی ہے۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ ہارڈ بال کرکٹ میچوں کے دوران بچوں کا داخلہ محدود رکھا جاتا ہے کیونکہ انہیں گیند لگنے سے چوٹ پہنچ سکتی ہے۔

کے ایم سی اور ٹاؤن انتظامیہ کا مؤقف

کے ایم سی کے ترجمان کے مطابق ادارہ اپنی عوامی سہولیات استعمال کرنے پر شہریوں سے براہ راست کوئی فیس وصول نہیں کرتا، تاہم معاہدے کے تحت نجی آپریٹرز کے حوالے کی گئی سہولیات پر وہ اپنے نرخ مقرر کرتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹھیکیدار اپنے متعلقہ علاقوں کے مارکیٹ ریٹس کے مطابق فیس وصول کرتے ہیں اور کے ایم سی قیمتوں کا ریگولیٹری ادارہ نہیں ہے۔

لاندھی ٹاؤن کے اسپورٹس ڈائریکٹر محمد سہیل نے کہا کہ کھیلوں کی سہولیات کے لیے وصول کی جانے والی فیس میدانوں کی دیکھ بھال اور دیگر اخراجات پورے کرنے کے لیے ہے۔ ان کے مطابق شہر بھر میں اس نوعیت کا انتظام معمول بن چکا ہے۔

منی اسپورٹس کمپلیکس کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس نے کے ایم سی سے معاہدے کے تحت زمین حاصل کرکے اپنی سرمایہ کاری سے کھیلوں کی سہولیات قائم کی ہیں۔

عوامی کھیل کے میدانوں کو تجارتی بنیادوں پر چلانے کے اس بڑھتے ہوئے رجحان نے یہ سوال اہم بنا دیا ہے کہ شہریوں، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں، کے لیے مختص عوامی مقامات تک بلا معاوضہ رسائی کیسے یقینی بنائی جائے اور ان کی دیکھ بھال کے اخراجات بھی کس طرح پورے کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں