اسلام آباد میں الگ قانون ساز اسمبلی کے قیام کی تیاری، 27 ارکان پر مشتمل ایوان کی تجویز
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے لیے الگ قانون ساز اسمبلی کے قیام کی کوششیں تیز کردی ہیں، جس کے تحت دارالحکومت کو صوبائی طرز کا انتظامی نظام دینے اور منتخب میئر کو حکومت کی سربراہی سونپنے کی تجویز زیر غور ہے۔
رپورٹ کے مطابق چند ماہ قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے اس حوالے سے سفارشات مرتب کرکے وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی تھیں۔ ان سفارشات میں وفاق سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کو اختیارات منتقل کرکے اسے ایک وفاقی اکائی کی حیثیت دینے اور صوبوں کی طرز پر حکومت قائم کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
مجوزہ منصوبے کے تحت اسلام آباد اسمبلی 27 ارکان پر مشتمل ہوگی، جبکہ اس کی سربراہی منتخب میئر کریں گے، جنہیں چیف منسٹر کے مساوی حیثیت حاصل ہوسکتی ہے۔
تاہم اب الگ قانون ساز اسمبلی کے قیام کے حوالے سے مزید تجاویز بھی سامنے آ رہی ہیں۔ بعض ٹی وی چینلز کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں توسیع کرتے ہوئے ہری پور، مری اور راولپنڈی کے بعض علاقوں کو بھی وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
رابطہ کرنے پر ایک سینئر سرکاری افسر نے تصدیق کی کہ اسلام آباد کے لیے الگ قانون ساز اسمبلی قائم کرنے کا فیصلہ زیر غور ہے، تاہم ہری پور، راولپنڈی اور مری کو اسلام آباد میں شامل کرنے کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق یہ علاقے الگ صوبوں کا حصہ ہیں اور اس حوالے سے مختلف قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات بھی مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران انتخابات کم از کم پانچ مرتبہ ملتوی کیے جا چکے ہیں، جبکہ حکومت ہر بار ایک مؤثر بلدیاتی نظام کے لیے نئی قانون سازی کی ضرورت کا مؤقف اختیار کرتی رہی ہے۔
تازہ ترین شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو ہونا تھے، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتخابی حلقہ بندیوں کی قانونی حیثیت کے تعین سے متعلق درخواست پر انتخابی شیڈول معطل کردیا۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ موجودہ حلقہ بندیوں کی قانونی حیثیت کا حتمی فیصلہ ہونے تک انتخابات نہیں کرائے جا سکتے۔