چشتیاں میں موبائل فون کے محفوظ استعمال سے متعلق آگاہی دینے کے لیے منعقدہ سیمینار

چشتیاں: ایس ڈی پی اوسرکل چشتیاں محمد اکمل بسرا نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اوران کی درست تربیت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ موبائل فون اورسوشل میڈیا کے بے جا استعمال سے بچوں کی ذہنی و اخلاقی اقدار بری طرح متاثر ہو رہی ہیں چنانچہ اساتذہ اور والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کی تربیت پر توجہ دیں،ڈی پی او بہاولنگرمحمد عمران کی ہدایت پر ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں نوجوان نسل کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے اور ہراسمنٹ کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے ایس ایچ او سٹی اے ڈویژن چشتیاں بلال یونس کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پبلک سکول چشتیاں میں موبائل فون کے محفوظ استعمال سے متعلق آگاہی دینے کے لیے منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بچوں کو موبائل فون کے محفوظ استعمال، سائبر کرائمز سے بچاؤ اور ہراسمنٹ کے خلاف حاصل قانونی تحفظ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ بچوں میں خود اعتمادی اور شعور پیدا ہو سکے۔مزید برآں ایس ڈی پی او منچن آباد زاہد علی نے کپس کالج منچن آباد میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ انہوں نے طالبات کو خصوصی لیکچر دیتے ہوئے موبائل فون کے مثبت و محفوظ استعمال کے طریقے بتائے اور ہراسمنٹ کی صورت میں دستیاب قانونی حقوق اور پولیس کے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس لیکچر کا مقصد طالبات کے اندر خود اعتمادی کو فروغ دینا اور انہیں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں