چشتیاں: دومسلح گروپوں میں تصادم، گن مین کے مبینہ تشدد کی ویڈیووائرل، پولیس خاموش تماشائی
چشتیاں: چشتیاں کے علاقے ہائی وے روڈ پر اتفاق ٹریول کے اڈہ پر مورخہ 4 جون 2026 کو دو گروپوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ اس دوران نواز باجوہ گروپ کے ایک گن مین نے گکھڑ گروپ کے ڈرائیوروں پر اسلحہ کے ساتھ تشدد کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ اے ڈویژن پولیس چشتیاں موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم ذرائع کے مطابق ایک مقامی طاقتور سیاسی شخصیت کی مداخلت کے باعث پولیس کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لا سکی۔
شہریوں اور متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس کی موجودگی کے باوجود بھی ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کرنا اور قانونی کارروائی نہ کرنا انتظامیہ کی سنگین نااہلی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ بااثر افراد کی مداخلت پر قانون کو نظر انداز کیا جانا بھی انتہائی افسوسناک ہے۔
مقامی صحافتی اور سماجی حلقوں نے ڈی پی او بہاولنگر اور آر پی او بہاولپور سے اس واقعے کا فوری نوٹس لینے اور متاثرین کو انصاف دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مستقبل میں کسی بھی بااثر شخص کی انصاف کی فراہمی میں مداخلت کو روکنے کے لیے پولیس کو فعال کردیا جائے۔
واضح رہے کہ وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گن مین ڈرائیوروں پر مسلسل تشدد کر رہا ہے جبکہ موجودہ پولیس عملہ کارروائی کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بن کر کھڑا رہا۔