جعلی پولیس مقابلہ کیس: سابق ایس ایچ او اور چھ اہلکار ضمانت مسترد ہونے پر عدالت سے فرار

قصور: 2024 میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں شہری رضوان کی ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مصطفیٰ آباد تھانے کے سابق ایس ایچ او حسن عمران اور ان کے چھ ماتحت اہلکار لاہور کی سیشن عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے فرار ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول رضوان کے اہل خانہ کی شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چند روز قبل سابق ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

اہل خانہ کا مؤقف ہے کہ رضوان کو پولیس ٹیم نے حراست میں لینے کے بعد جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا اور بعد ازاں ایک مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں قتل کر دیا، جبکہ اس وقت پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ رضوان متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ قبل از گرفتاری ضمانت مسترد ہونے کے بعد تمام ملزمان عدالت سے فرار ہوگئے، جس پر ضلع پولیس قصور نے ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آفتاب پھلروان کے مطابق مقدمے میں نامزد تمام سات اہلکار پہلے ہی معطل کیے جا چکے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں