بہاولپور کی کچی بستی میں مبینہ منشیات فروشی پر شہری سراپا احتجاج، کریک ڈاؤن کا مطالبہ

بہاولپور (عبدالرزاق چوہدری سے): کچی بستی کی اسلامی کالونی میں مبینہ طور پر آئس اور شراب کی فروخت کے خلاف اہل علاقہ میں تشویش بڑھ گئی ہے، جبکہ شہریوں نے منشیات فروشوں کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق علاقے میں مبینہ طور پر آئس کے کاروبار میں ملوث عناصر دوبارہ سرگرم ہو گئے ہیں اور نوجوان نسل کو نشے کی لعنت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں مشکوک افراد کی آمدورفت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ مبینہ طور پر شراب کی سپلائی بھی خفیہ راستوں سے جاری ہے۔ اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض بااثر عناصر کی مبینہ پشت پناہی کے باعث غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں، جس سے علاقے کا ماحول متاثر ہو رہا ہے۔

شہریوں نے متعلقہ تھانہ پولیس اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی کالونی میں منشیات اور شراب کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، اس لیے نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر آپریشن ناگزیر ہے۔

متعلقہ خبریں