یوسی 04 نیو کراچی ٹاؤن میں گلیوں، اسکولوں اور مساجد کے باہر کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں: یوتھ کونسلرحافظ شیرازاحمد

کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کی یوسی 04 میں صفائی کی ناقص صورتحال پر یوتھ کونسلر حافظ شیراز احمد نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق گلیوں، اسکولوں اور مساجد کے باہر جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر جمع ہیں، جس کے باعث تعفن پھیل رہا ہے اور مختلف بیماریوں کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے کے باوجود انہیں صاف ماحول کے بجائے گندگی اور بدبو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو متعلقہ ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اہل علاقہ کا مؤقف ہے کہ صفائی کا نظام مؤثر نہ ہونے کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے اور بچوں، بزرگوں اور نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یوتھ کونسلر حافظ شیراز احمد نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ یوسی 04 نیو کراچی ٹاؤن میں فوری طور پر کچرا اٹھانے کے لیے ہنگامی صفائی آپریشن شروع کیا جائے، مستقل بنیادوں پر ویسٹ مینجمنٹ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے اور عوام کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ خبریں