پنجاب کے مزید 10 اضلاع میں الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مزید 10 اضلاع میں الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ عوام کو ماحول دوست اور سستی سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

منظور شدہ اضلاع میں اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور اوکاڑہ شامل ہیں۔ یہ منظوری وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں دی گئی، جس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ فری ٹرانسپورٹ اسکیم کے تحت اب تک 21 روٹس پر ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد مسافروں کو سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ 3,560 بس ٹرپس مکمل ہو چکی ہیں۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ رواں ماہ 100 الیکٹرک بسیں موصول ہوں گی، مئی کے وسط تک مزید 350 جبکہ جون کے اختتام تک 264 بسیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ہر ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کے لیے خصوصی ڈپو قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ میٹرو بس اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے اور جدید ڈیزائن متعارف کرائے جائیں۔ انہوں نے تحصیل سطح پر 1,500 الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے کی تیاری کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی اسکیم کی پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے تحت مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی۔ مزید برآں سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیک اسکیم کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

متعلقہ خبریں