فیصل آباد میں پنجاب کا پہلا اسمارٹ واٹر میٹر منصوبہ شروع، 8,400 جدید میٹر نصب کیے جائیں گے
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی): فیصل آباد واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) کے تعاون سے پنجاب کے پہلے اسمارٹ واٹر میٹر منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں شہر بھر میں 8,400 جدید اسمارٹ واٹر میٹر نصب کیے جائیں گے۔
واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر ثاقب رضا کی زیر صدارت اجلاس میں جائیکا کے ماہرین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یہ نظام پانی کے استعمال کی دور سے نگرانی، پانی کے ضیاع اور لیکیج کی فوری نشاندہی اور خودکار میٹر ریڈنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ واٹر میٹرز کو واسا کے موجودہ ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، جس سے پانی کی فراہمی اور بلنگ کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ اسمارٹ میٹرنگ سے شفاف بلنگ، بہتر ریونیو، مؤثر آبی انتظام اور توانائی کے اخراجات میں کمی ممکن ہوگی، جبکہ شہریوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی ماہرین کے تعاون سے شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ شہریوں کو جدید، شفاف اور مؤثر آبی خدمات کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔