اغوا اور تشدد میں ملوث سی سی ڈی سب انسپکٹر گرفتار
جہلم: پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) میں تعینات سب انسپکٹر مرزا فیاض بیگ کو اغوا برائے تاوان، غیرقانونی حراست اور تشدد کے سنگین الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے، جبکہ اسے منگل کے روز انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر مرزا فیاض بیگ نے اپنے بیٹے ہاشم کی خواہش پر نوجوان ارسلان جرال کو فون کے ذریعے جہلم بلایا، جس کے بعد اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسے حراست میں لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نوجوان کو سی سی ڈی آفس میں تقریباً آٹھ گھنٹے تک شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تشدد کے دوران متاثرہ نوجوان سے زبردستی ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کروایا گیا اور اسے دھمکی دی گئی کہ اگر اس نے واقعے کے بارے میں کسی کو بتایا تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم کا بیٹا ہاشم بھی اپنے والد کے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کو دھمکاتا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر مرزا فیاض بیگ کے خلاف اس سے قبل بھی متعدد شکایات موجود تھیں۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اندر احتساب کے عمل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ عوامی حلقوں میں ایسے واقعات میں ملوث دیگر اہلکاروں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔