پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اعتماد برقرار
کراچی: شہر میں میئر کراچی کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کے درمیان پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سندھ حکومت اور میئر کراچی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اعادہ کر دیا ہے۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کو مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت اور مرتضیٰ وہاب کی سربراہی میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی پر مکمل اعتماد ہے۔
یہ اظہارِ اعتماد بلاول ہاؤس میں ہونے والے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران سامنے آیا جس میں پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت سمیت اراکینِ اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ حکومت کی کارکردگی، کراچی کے انتظامی امور اور موجودہ ملکی و عالمی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پارٹی قیادت کو وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور ان کی کابینہ کی کارکردگی پر مکمل اعتماد ہے اور وہ مشکل حالات کے باوجود صوبے کے معاملات بہتر انداز میں چلا رہے ہیں۔ انہوں نے اراکینِ سندھ اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں سیاسی قیادت کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ملک میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے مختلف فورمز پر صوبے کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔
اجلاس میں کراچی میں حالیہ گل پلازہ واقعے کے بعد ہونے والی تنقید کا بھی ذکر کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی بحران پیدا کرنے کے بجائے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور ایسے وقت میں تنقید کرنا مناسب نہیں جب انتظامیہ صورتحال سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہو۔
انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی مخالفین ایک جیالے میئر کو شہر کی قیادت کرتے دیکھ کر پریشان ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی میئر کی کارکردگی سے مطمئن ہے اور جلد ہی کراچی میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ پارٹی قیادت کے مطابق سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کے ذریعے پروپیگنڈے کا جواب دیں گی۔
سیاسی حلقوں کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے اس واضح حمایت کے بعد میئر کراچی کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں مزید دم توڑ سکتی ہیں۔