اسلام آباد کی 27 رکنی اسمبلی کی تجویز، چیف ایگزیکٹو اور 27 انتظامی محکمے قائم کرنے کا منصوبہ

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی الگ اسمبلی کے قیام سے متعلق مجوزہ ڈرافٹ وزیراعظم کو پیش کردیا گیا ہے، جس میں وفاقی دارالحکومت کے لیے 27 رکنی اسمبلی، چیف ایگزیکٹو اور 27 انتظامی محکمے قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ ڈرافٹ ایک اعلیٰ سطح کی خصوصی کمیٹی نے تیار کیا ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کی۔ کمیٹی میں وفاقی وزرا طارق فضل چوہدری، مصدق ملک، رانا ثناء اللہ اور طلال چوہدری، اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے دونوں ارکان اور سیکرٹری داخلہ شامل تھے۔

مجوزہ ڈھانچے کے تحت اسلام آباد اسمبلی کے 21 ارکان براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کے ہر حلقے سے اسلام آباد اسمبلی کی 7 نشستیں رکھنے کی تجویز ہے۔ خواتین کے لیے 5 نشستیں جبکہ اقلیتوں کے لیے ایک نشست مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے، یوں اسمبلی کی مجموعی تعداد 27 ارکان ہوگی۔

ذرائع کے مطابق صحت، تعلیم، ماحولیات اور شہری سہولیات سے متعلق امور مقامی حکومتوں کی ذمہ داری ہوں گے، جبکہ اسلام آباد کے 27 محکمے مجوزہ طور پر اسلام آباد حکومت کے ماتحت ہوں گے۔

اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو کے لیے وزیراعلیٰ یا میئر کا عہدہ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جو منتخب اسمبلی کو جوابدہ ہوگا۔ مجوزہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اسمبلی کے ہر رکن پر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق ہوگا، جبکہ اسمبلی کے انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت منعقد کیے جائیں گے۔

مجوزہ ڈرافٹ کے مطابق لاء اینڈ آرڈر اور ماسٹر پلاننگ کے معاملات وفاق کے پاس رہیں گے، جنہیں متعلقہ وزارت یا گورنر کے ذریعے چلایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اسمبلی کو صوبائی طرز کی انتظامی اور مالی خودمختاری حاصل ہوگی۔ نئے انتظامی ڈھانچے کی منظوری وفاقی کابینہ دے گی، جس کے بعد سینیٹ اور قومی اسمبلی میں قانون سازی کا مرحلہ شروع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد اسمبلی کے قیام کے لیے آئینی ترمیم کے بجائے ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی الگ اسمبلی کا مجوزہ ڈرافٹ وزیراعظم کو پیش کردیا گیا ہے، جبکہ اس نئے نظام کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ اور بعد ازاں پارلیمان کی قانون سازی سے مشروط ہوگی۔

متعلقہ خبریں