بلدیاتی نمائندوں کی مدت سے متعلق اہم پیشرفت، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سے وفد کی ملاقات
پشاور (نمائندہ مقامی حکومت)وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخواہ محمد سہیل آفریدی سے بلدیاتی نمائندوں کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں 15 مارچ کو بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی نظام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اسپیکر اسمبلی حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دیں، جو اس معاملے پر قابلِ عمل سفارشات مرتب کرے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ کمیٹی کا اجلاس اسی ہفتے طلب کیا جائے گا اور 15 مارچ سے قبل حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ کمیٹی نئے بلدیاتی انتخابات تک موجودہ نظام کو برقرار رکھنے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے گی۔وزیرِاعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے آج کی مجوزہ ہڑتال مؤخر کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔ کمیٹی لوکل کونسل بورڈ کے نامزد اراکین کا مؤقف بھی سنے گی۔اجلاس میں وزیر بلدیات مینا خان آفریدی، محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام شریک تھے، جبکہ بلدیاتی نمائندوں کے وفد کی قیادت حمایت اللہ مایار نے کی۔