صحت مند پنجاب کیلئے ٹی بی کے خلاف جدوجہد کی کامیابی ناگزیر ھے۔مریم نواز شریف

لاہور (نمائندہ مقامی حکومت) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹی بی کے مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پختہ عزم کررکھا ہے۔ صحت مند پنجاب کے لیے ٹی بی کے خلاف جنگ جیتنا ناگزیر ہے۔ بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے ذریعے ٹی بی کے مریضوں کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ ٹی بی (تپ دق) کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹی بی کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹی بی کے علاج اور اس کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹی بی، ہیپاٹائٹس اور امراض قلب کے مریضوں کے لیے گھر کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچانے کا پروگرام جاری ہے۔ حکومت پنجاب ٹی بی کے خاتمے کیلئے مفت تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ٹی بی کے مکمل خاتمے کے لیے عوام کی شمولیت ضروری ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹی بی کے امراض کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں مفت دوائی، پی سی آر ٹیسٹ اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے بھی گھر گھر مریضوں کی تلاش کی جاتی ہے۔ پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں ٹی بی کی تشخیص اور ”ڈوٹس“ (DOTS) کے تحت مکمل مفت علاج کیا جارہا ہے۔ ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں لوگ ٹی بی (تپِ دق) جیسے موذی مرض کا شکار ہورہے ہیں۔ ٹی بی سے بچاؤ اور پھیلاؤ کا سب سے موثر طریقہ اس کا درست طریقے سے بروقت علاج ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ٹی بی کے خاتمے کو اپنی صحت عامہ کی ترجیحات میں رکھا ہے۔صوبے میں عام دوائیوں سے ٹھیک نہ ہونے والے مریضوں کیلئے خصوصی ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی (DR-TB) سینٹرزکا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بروقت تشخیص، علاج کے تسلسل کو یقینی بنانے میں کمیونٹی ہیلتھ ورکرز، سول سوسائٹی تنظیمیں، محققین، نجی شعبے کے طبی ادارے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

متعلقہ خبریں